انڈیگو پرواز میں پائلٹ پر حملہ، مسافر گرفتار (ویڈیو)
بجٹ ایرلائن انڈیگو کی ایک پرواز میں پائلٹ پر حملہ کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہلی ایرپورٹ سے اُڑان بھرنے میں تاخیر کے سلسلہ میں پائلٹ اعلان کررہا تھا کہ اس پر یہ حملہ ہوا۔

نئی دہلی: بجٹ ایرلائن انڈیگو کی ایک پرواز میں پائلٹ پر حملہ کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہلی ایرپورٹ سے اُڑان بھرنے میں تاخیر کے سلسلہ میں پائلٹ اعلان کررہا تھا کہ اس پر یہ حملہ ہوا۔
پولیس نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ واقعہ اتوار کی شام کا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زرد جیاکٹ میں ملبوس ساحل کٹاریہ پائلٹ کو اس وقت ماررہا ہے جب وہ طیارہ کے کاک پٹ میں پرواز میں تاخیر کا اعلان کررہا تھا۔
ایرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ساحل کٹاریہ نے معاون پائلٹ پر حملہ کردیا۔معاملہ کو انڈیپنڈنٹ انٹرنل کمیٹی سے رجوع کیا گیا ہے تاکہ اس مسافر کا نام ”نو فلائی لسٹ“ میں ڈال دیا جائے۔ شارٹ ویڈیو کلپ میں ایرہوسٹس / اسٹیورڈ کو ساحل کٹاریہ پر غصہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے
۔ دوسری ویڈیو کلپ میں ساحل کٹاریہ کو سیکوریٹی عملہ طیارہ سے باہر لے جاتا دیکھا جاسکتا ہے حالانکہ اس نے اپنے رویہ کے لئے معافی مانگ لی تھی۔ اسے بعدازاں پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے بموجب فلائٹ 6E2175 (دہلی۔ گوا) کے کو پائلٹ اور دیگر سیکوریٹی ملازمین نے شکایت کی کہ ایک مسافر نے طیارہ میں حملہ کیا اور ان کے ساتھ غلط برتاؤ کیا۔ شکایت میں کہا گیا کہ ساحل کٹاریہ نے بدتمیزی کی اور کوپائلٹ انوپ کمار کو مارا۔ وہ پرواز میں کئی گھنٹوں کی تاخیر سے جھنجھلا گیا تھا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 کے بموجب پرواز نے 12 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد دہلی سے 6 بجے شام اُڑان بھری۔ انڈیگو نے کہا کہ مسافر کو سرکش قراردیا گیا اور پروٹوکول کے مطابق آگے کی کارروائی کے لئے قانون نافذ کرنے والی مقامی ایجنسیوں کے حوالہ کردیا گیا۔
اسی دوران وزیر شہری ہوابازی جیوترآدتیہ سندھیا نے کہا کہ سرکش مسافر کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ اتوار کے دن شدید کہر کے باعث دہلی ایرپورٹ سے کئی پروازوں کا رخ موڑا گیا تھا‘ کئی منسوخ ہوئی تھیں اور کئی فلائٹس نے تاخیر سے اُڑان بھری۔