تلنگانہحیدرآباد

چومحلہ پیالیس میں سٹی پولیس کمشنر کی دعوت افطار

سٹی پولیس کمشنر کی جانب سے آج شام چومحلہ پیالیس میں دعوت افطار کااہتمام کیاگیا۔

حیدرآباد: سٹی پولیس کمشنر کی جانب سے آج شام چومحلہ پیالیس میں دعوت افطار کااہتمام کیاگیا۔

اس موقع پرکمشنرپولیس حیدرآبادسی وی آنند نے تمام مذہبی قائدین‘علماء مشائخین کے بشمول وزیر داخلہ محمدمحمودعلی‘رکن پارلیمنٹ وصدر مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹراسدالدین اویسی اوردیگر کاخیر مقدم کیا۔کمشنرپولیس نے اپنی تقریر میں کہا کہ شہرحیدرآبادکی گنگاجمنی تہذیب سارے ملک میں مثالی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک میں قرآن مجید کانزول ہوا اور اس ایک ماہ کے روزے تمام بالغ مسلمانو ں پرفرض کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ماہ صیام کی مناسبت سے بالخصوص شہر کے ساوتھ زون علاقہ میں پولیس عہدیداروں کی جانب سے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔ دکانات‘ بازار اورعبادت گاہوں پر سخت سیکوریٹی مہیا کرائی جارہی ہے تاکہ رمضان مبارک کا پرامن انصرام عمل میں آسکے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان کی حدتک ہوٹلس‘ریسٹورینٹس اور دیگر کاروباری ادارے دکانات کو رات بھر کھلی رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔ڈی سی پی بی سائی چیتنیا نے بھی خطاب کیا۔

ڈی جی پی انجنی کمار‘ ایڈیشنل کمشنر پولیس لا اینڈ آرڈر رمانگ سنگھ‘ اے کے خان‘ ریاستی وقف بورڈ کے چیرمین مسیح اللہ خان‘ رکن اسمبلی ممتاز احمدخان‘ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم اور دیگر اس دعوت افطار میں شریک تھے۔

کمشنر پولیس سی وی آنندنے کہاکہ تلنگانہ میں حیدرآباد شہرجرائم کی روک تھام میں سب سے آگے ہے۔انہو ں نے کہاکہ پولیس عہدیداروں کی جانب سے مسلسل کوشش کی جارہی ہے کہ وہ جرائم پرقابو پائیں۔مولانا قبول پاشاہ قادری نے دعا کی۔