دہلی میں کرکٹر نتیش رانا کی بیوی کا پیچھا اور ہراسانی، 2 افراد گرفتار
ڈی سی پی نے کہا کہ جب یہ خاتون کیرتی نگر علاقہ میں ایک سگنل پر انتظار کررہی تھیں تو موٹر سائیکل پر سوار دو افراد تیزرفتاری سے اس کی کار کے قریب سے گزرے اور کار کے سامنے موٹر سائیکل روک دی۔

نئی دہلی: آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے کیپٹن نتیش رانا کی بیوی کا مغربی دہلی میں پیچھا کرنے اور ہراساں کرنے کے الزام میں آج 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کیرتی نگر پولیس اسٹیشن میں پیچھا اور ہراسانی کرنے پر کیس درج کیا گیا ہے اور 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
جمعہ کے روز کیرتی نگر پولیس اسٹیشن کو بذریعہ ای میل ایک شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں شکایت گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ جمعرات کے روز تقریباً 8:30 بجے شب جب وہ اپنی کار میں ڈرائیور کے ساتھ چھتر پور سے گھر جارہی تھی تو اس کا پیچھا کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس (ویسٹ) گھنشیام بنسل نے یہ بات بتائی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ جب یہ خاتون کیرتی نگر علاقہ میں ایک سگنل پر انتظار کررہی تھیں تو موٹر سائیکل پر سوار دو افراد تیزرفتاری سے اس کی کار کے قریب سے گزرے اور کار کے سامنے موٹر سائیکل روک دی۔
انہوں نے اسے گھورنا شروع کردیا اور گاڑی کو ہاتھوں سے بجایا۔ بنسل نے بتایا کہ ہفتہ کے روز کیرتی نگر پولیس اسٹیشن میں تعزیراتِ ہند کی دفعہ 354، 354(D)، 427 اور 506 کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران اس علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا اور ملزمین کی پانڈو نگر کے ساکن 18 سالہ چیتنیا شیوم اور پٹیل نگر کے ساکن 18 سالہ وویک کی حیثیت سے شناخت کی گئی۔
ان دونوں کو ان کی قیامگاہوں سے گرفتار کیا گیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے، جس میں دو افراد کو خاتون کی کار کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔