چیتن سنگھ کی ذہنی حالت ٹھیک ٹھاک، ریلوے نے اپنا سابقہ بیان واپس لے لیا
جئے پور۔ ممبئی سنٹرل سوپر فاسٹ ایکسپریس میں 4 بے قصور لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتاردینے والے آرپی ایف کانسٹبل چیتن سنگھ کی ذہنی حالت ٹھیک ٹھاک ہے۔
نئی دہلی: جئے پور۔ ممبئی سنٹرل سوپر فاسٹ ایکسپریس میں 4 بے قصور لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتاردینے والے آرپی ایف کانسٹبل چیتن سنگھ کی ذہنی حالت ٹھیک ٹھاک ہے۔
محکمہ ریلوے نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایاکہ طبی معائنہ میں معلوم ہوا ہے کہ چیتن سنگھ کو کوئی ذہنی بیماری نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پہلے کہا گیا تھا کہ چیتن سنگھ ایک گرم مزاج شخص ہے اور اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔
ویسٹرن ریلوے کے انسپکٹر جنرل پروین سنہا نے کہا تھا کہ چیتن سنگھ گرم مزاج شخص ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بھی یہ دعویٰ کیاجارہا تھا کہ چیتن سنگھ کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے اور وہ سنگین اضطراب کا شکاررہتا ہے۔
ان دعوؤں کے پیش نظر چیتن سنگھ کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں پتہ چلا کہ اُسے کوئی بھی ذہنی بیماری لاحق نہیں ہے۔ جس کے بعد اس کی ذہنی حالت سے متعلق قبل ازیں دیا گیا بیان واپس لے لیا گیا۔
ریلوے کے ترجمان نے مزید وضاحت کئے بغیر بتایاکہ چیتن سنگھ کی ذہنی حالت سے متعلق قبل ازیں جاری کردہ بیان واپس لیاجاتا ہے۔
چلتی ٹرین میں 4 افراد کو ہلاک کرنے کے واقعہ کی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تحقیقات کررہی ہے۔ اس کمیٹی کی قیادت ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کررہے ہیں۔