چیف منسٹر بسواراج بومئی کورونا سے متاثر‘ دورہ دہلی منسوخ
بومئی‘ آج شام اور 7/ اگست کو آزادی کا امرت مہوتسوا پر قومی کمیٹی کے تیسرے اجلاس اور وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔

بنگلورو: چیف منسٹر بسواراج بومئی ہلکی علامات کے ساتھ کووڈ19سے متاثر پائے گئے چنانچہ انہوں نے اپنا دورہ دہلی منسوخ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود کو گھر پر الگ تھلگ کرلیا۔ بومئی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں ہلکی علامات کے ساتھ کووڈ19پازیٹیو پایا گیا ہوں اور خود کو گھر پر الگ تھلگ کرلیا۔
گزشتہ چند دنوں کے دوران میرے رابطے میں آنے والے مہربانی کرکے خود کو الگ تھلگ کرلیں اور اپنا معائنہ کروالیں۔ میرا دہلی دورہ منسوخ کیا جاتا ہے۔“ بومئی‘ آج شام اور 7/ اگست کو آزادی کا امرت مہوتسوا پر قومی کمیٹی کے تیسرے اجلاس اور وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔
ریاست کے حالیہ واقعات اور 2023کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کے لیے بی جے پی کی قومی قیادت سے بھی ان کی ملاقات متوقع تھی۔ بومئی نے جمعہ کو دن بھر سلسلہ وار اجلاسوں میں شرکت کی جن میں ریاستی اعلیٰ سطحی منظوری کمیٹی (ایس ایچ ایل سی سی)، لال باغ کے گلاس ہاؤس میں سالانہ یوم آزادی فلاور شو، بنگلورو چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس کے سالانہ اجلاس عام شامل ہے۔