حیدرآباد

چیف منسٹر کے سی آر کی دہلی میں اکھیلیش یادو سے ملاقات

چیف منسٹر نے جو گذشتہ 3دن سے قومی دارالحکومت میں ہیں، ٹی آر ایس کے کئی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی ہیں اور ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں سابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو سے ملاقات کی  جو تقریباً 2 گھنٹوں تک جاری رہی۔ 

ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، 6/ اگست کو منعقد شدنی نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات، بی جے پی کی جانب سے اختیار کردہ سطحی سیاست، بی جے پی کے بڑھتے قدموں کو روکنے کیلئے اختیار کئے جانے والے لائحہ عمل، غیر بی جے پی اور غیر کانگریس اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد کی ضرورت پر تفصیلی طور پر غور وخوص کیا گیا۔

واضح رہے کہ کے چندر شیکھر راؤ گذشتہ 2دنوں سے دہلی میں قیام پذیر ہیں جہاں وہ اپوزیشن قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی اور کانگریس مخالف محاذ کے قیام کیلئے اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب ایک گھنٹہ طویل ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر قومی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی قائد رام گوپال یادو بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ چیف منسٹر نے جو گذشتہ 3دن سے قومی دارالحکومت میں ہیں، ٹی آر ایس کے کئی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کی ہیں اور ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ کسان یونین کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔