کرناٹک

کورونا وائرس: بنگلورو ایرپورٹ پر بین الاقوامی مسافرین کا معائنہ شروع ہوگا

دنیا کے کئی حصوں میں کووڈ19 کیسس میں اچانک اضافہ کے پیش نظر کرناٹک حکومت‘ بنگلورو ایرپورٹ پر بین الاقوامی مسافرین کا معائنہ شروع کرے گی۔

بیلگاوی: دنیا کے کئی حصوں میں کووڈ19 کیسس میں اچانک اضافہ کے پیش نظر کرناٹک حکومت‘ بنگلورو ایرپورٹ پر بین الاقوامی مسافرین کا معائنہ شروع کرے گی۔ وزیر کے سدھاکر نے یہ بات کہی۔

تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کون سی تاریخ سے جانچ کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سدھاکر نے کہا کہ ہمیں عالمی صورت حال کے پیش نظر بعض احتیاطی اقدامات کرنے ہوں گے۔

کے آئی اے پر بین الاقوامی مسافرین کی کثیر تعداد میں آمد ہوتی ہے۔ ہم وہاں مسافرین کی جانچ شروع کریں گے۔“ وزیر نے دنیا کے کچھ حصوں، خاص طور سے چین میں کووڈ19کے کیسس میں اضافہ کے درمیان عوام کو کووڈ19ویکسین کی احتیاطی خوراک لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ19رہنما خطوط جاری کیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے مرکزی وزارت صحت کے رہنما خطوط کے مطابق ابھرتی اقسام کا پتا لگانے جینوم سیکوئنسنگ کو پازیٹیو نمونے بھیجنے کے اقدامات کیے ہیں۔ سدھاکر نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ چین اور جاپان سمیت کچھ ملکوں میں کیسس میں اچانک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

چین میں مریضو ں کی کثیر تعداد دواخانوں میں شریک ہورہی ہے۔ اسی لیے بوسٹر (احتیاطی) خوراک لینے کی مہم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔“ اگلے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کے لیے چیف منسٹر بسواراج بومئی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوگا۔

ریاست100فیصد ڈبل ڈوز کووڈ19 ٹیکہ اندازی کا ہدف حاصل کرچکی ہے مگر کئی افراد نے اب بھی احتیاطی خوراک نہیں لی ہے۔ جن لوگو ں نے بوسٹر خوراک نہیں لی، انہیں رضاکارانہ طور پر آگے آکر اسے لینا چاہیے۔ ہم کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ہم تمام احتیاطی اقدامات کریں گے اور اس ضمن میں نئے رہنما خطوط جاری کیے جائیں گے۔

a3w
a3w