دہلی

بی جے پی نے چیف منسٹری کی پیشکش کی : منیش سسودیا

احمد آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈپٹی چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ انہیں بڑا تعجب ہوا جب کوئی اُن کے پاس یہ پیام لے کر آیا کہ اُن کے لیے بی جے پی کی طرف سے دو پیشکش ہیں۔

احمد آباد : دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے انہیں عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بھگوا جماعت میں شامل ہونے پر چیف منسٹر کا عہدہ دینے اور تمام کیسس بند کردینے کی پیشکش کی ہے۔

بی جے پی نے پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ منیش سسوڈیا کرپشن کے الزامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ منیش سسوڈیا نے سنسنی خیز دعویٰ اُن کے بنگلہ پر سی بی آئی کے چھاپے کے چند دن بعد کیا۔

شمال مشرقی دہلی کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے کہا کہ عام آدمی پارٹی قائد کو اُس شخص کا نام بتانا چاہیے جس نے بی جے پی کی طرف سے انہیں یہ پیشکش کی ہے۔ منیش سسوڈیا نے ذات پات کا بھی کارڈ کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ میں مہارانا پرتاپ کا وارث اور راجپوت ہوں۔ میں سر کٹانے کو تیار ہوں، لیکن سازشیوں اور بدعنوان لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکاؤں گا۔

احمد آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈپٹی چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ انہیں بڑا تعجب ہوا جب کوئی اُن کے پاس یہ پیام لے کر آیا کہ اُن کے لیے بی جے پی کی طرف سے دو پیشکش ہیں۔

پہلا پیام یہ تھا کہ میرے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کے تمام بڑے کیسس واپس لے لیے جائیں گے۔ دوسری پیشکش یہ تھی کہ میں عام آدمی پارٹی چھوڑ دوں، جس کے بعد میں مجھے چیف منسٹر بنایا جائے گا۔ منیش سسوڈیا نے کہا کہ میں نے واضح سیاسی جواب دے دیا کہ چیف منسٹر اروند کجریوال میرے سیاسی گرو ہیں اور میں نے راج نیتی ان ہی سے سیکھی ہے۔ میں سیاست میں چیف منسٹر یا وزیر اعظم بننے کے لیے نہیں آیا۔

پلٹ وار کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان گورو بھاٹیا نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈ کوارٹرس میں پریس کانفرنس میں خطاب میں کہا کہ کجریوال بوکھلا گئے ہیں اور ملزم نمبر 1 منیش سسوڈیا کہتے ہیں کہ انہیں بی جے پی سے مسیج ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی قائدین خود کو مظلوم بناکر پیش کریں گے اور کئی کارڈ کھیلیں گے، تاکہ کرپشن کے الزامات سے توجہ ہٹ جائے۔

گورو بھاٹیا نے کہا کہ منیش سسوڈیا کو پیام لانے والے کا نام بتا دینا چاہیے، تاکہ دودھ کا دودھ اور شراب کا شراب ہو۔ عام آدمی پارٹی قائد آتشی نے دعویٰ کیا کہ منیش سسوڈیا سے بی جے پی کے اسی آدمی نے ملاقات کی جس نے ٹی ایم سی قائد سوویندو ادھیکاری سے ملاقات کی تھی۔

آئی اے این ایس کے بموجب ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیا نے پیر کے دن دعویٰ کیا کہ انہیں بی جے پی سے ایک مسیج ملا ہے، جس میں پیشکش کی گئی ہے کہ عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بھگوا جماعت میں شامل ہوجانے پر ان کے خلاف تمام کیسس بند کردیے جائیں گے۔