دہلی

گجرات الیکشن سے ہٹ جانے کی شرط رکھی گئی تھی۔اروندکجریوال کا سنسنی خیز دعویٰ

اروندکجریوال نے آج دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے انہیں یہ پیش کش کی تھی کہ اگر عام آدمی پارٹی گجرات میں آئندہ ماہ مقرر اسمبلی انتخابات سے دستبردار ہوجاتی ہے تو وہ ان کے وزراء منیش سسوڈیا اور ستیندرجین کو بچالے گی جو مرکزی ایجنسیوں کی تحقیقات میں پھنسے ہوئے ہیں۔

احمدآباد: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے آج دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے انہیں یہ پیش کش کی تھی کہ اگر عام آدمی پارٹی گجرات میں آئندہ ماہ مقرر اسمبلی انتخابات سے دستبردار ہوجاتی ہے تو وہ ان کے وزراء منیش سسوڈیا اور ستیندرجین کو بچالے گی جو مرکزی ایجنسیوں کی تحقیقات میں پھنسے ہوئے ہیں۔

کجریوال نے این ڈی ٹی وی ٹاون ہال تقریب میں کہا کہ منیش سسوڈیا نے عام آدمی پارٹی چھوڑ کر دہلی کا چیف منسٹر بننے ان کی پیش کش ٹھکرادی تھی، اب وہ لوگ مجھ سے رجوع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر آپ گجرات سے ہٹ جائیں اور وہاں مقابلہ نہ کریں تو ہم دونوں وزیروں ستیندرجین اور سسوڈیا کو بچالیں گے اور ان کے خلاف تمام الزامات ختم کردیئے جائیں گے۔

اس سوال پر کہ یہ پیش کش کس نے کی‘ کجرایول نے کہا کہ میں اپنے ہی کسی آدمی کا نام کیسے لے سکتا ہوں۔ ان کے ذریعہ مجھے یہ پیش کش کی گئی۔ کجریوال نے کہا کہ اس بات کو سمجھیں کہ وہ لوگ (بی جے پی) کبھی مجھ سے راست طور پر رجوع نہیں ہوئے۔ وہ ایک سے دوسرے، دوسرے سے تیسرے، تیسرے سے چوتھے یا کسی دوست کے پاس جاتے ہیں اور پھر آپ تک پیام پہنچاتے ہیں۔

عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی کو گجرات الیکشن اور دہلی میں بلدی انتخابات دونوں میں ہار جانے کا ڈر ہے۔ اس نے ان کی پارٹی کو ہرانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ کجریوال نے کہا کہ دہلی کی منسوخ شدہ شراب پالیسی کے سلسلہ میں سسوڈیا کے خلاف کیسس درج کئے گئے تھے اور ستیندرجین کے خلاف حوالہ معاملتوں کے سلسلہ میں کیس درج کئے گئے۔ یہ تمام من گھڑت ہیں۔

کجریوال نے پیش قیاسی کی کہ عام آدمی پارٹی گجرات میں آئندہ حکومت بنائے گی جبکہ 182 رکنی اسمبلی میں کانگریس کو 5 سے بھی کم سیٹیں ملیں گی۔

بی جے پی اور کانگریس پر باہمی فائدہ مند تعلقات رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت اپوزیشن پارٹیوں کے امیدواروں کو بھی فنڈس فراہم کررہی ہے تاکہ عام آدمی پارٹی کی پیشرفت کو روکا جاسکے۔ کجریوال کے مطابق عام آدمی پارٹی پہلے سے اس دور میں نمبر 2 کے مقام پر ہے اور کانگریس سے بہت آگے ہے۔ وہ گجرات الیکشن سے پہلے آئندہ ایک ماہ میں بی جے پی سے آگے نکل جائے گی۔