گورنر کیرالا کی چیف منسٹر کے خلاف صدر جمہوریہ سے شکایت
گورنر نے آج صدر جمہوریہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وجین کی جانب سے روایات، پروٹوکول اور قدیم نظائر کی خلاف ورزی کی شکایت کی ہے۔
ترواننتا پورم: کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین اور گورنر عارف محمد خان کے درمیان اختلافات میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔
گورنر نے آج صدر جمہوریہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وجین کی جانب سے روایات، پروٹوکول اور قدیم نظائر کی خلاف ورزی کی شکایت کی ہے۔
عارف محمد خان نے صدر جمہوریہ کو بتایا کہ وجین نے انہیں گذشتہ ماہ اپنے دورہ یوروپ کے بارے میں سرکاری طور پر مطلع نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے ریاست کو واپسی کے بعد ان سے کوئی رابطہ کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سمجھا جاتا ہے کہ وجین نے عارف محمد خان کو زبانی طور پر اس کی اطلاع دی تھی جب ان دونوں کی ملاقات سینئر سی پی آئی ایم لیڈر کے بالا کرشنن کی آخری رسومات کے موقع پر ہوئی تھی۔
اس کے چند گھنٹوں بعد ہی وجین نے ناروے کا سفر کیا تھا اور 10 دن بعد واپس ہوئے تھے۔ عارف محمد خان نے کل وجین پر جم کر تنقید کی اور انتباہ دیا کہ اگر چیف منسٹر کا دفتر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث پایا جائے تو وہ مداخلت کریں گے۔