شمالی بھارت
ہندوستان کو اسلامی ملک بنانے سے متعلق پوسٹ‘ نوجوان گرفتار
ناگرا علاقہ کے موضع چاچلین کے ساکن ریحان نے چہارشنبہ کے دن ہندوستان اور پاکستان کے نقشے ٹویٹر پر پوسٹ کئے اور لکھا کہ ہندوستان کو اسلامی ملک بنایا جانا چاہئے۔

بلیا (یوپی): ایک قابل اعتراض پوسٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو اسلامی ملک بنانے کے لئے کہنے پر ایک نوجوان کو اترپردیش کے ضلع بلیا سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے آج یہاں یہ بات بتائی۔ ناگرا علاقہ کے موضع چاچلین کے ساکن ریحان نے چہارشنبہ کے دن ہندوستان اور پاکستان کے نقشے ٹویٹر پر پوسٹ کئے اور لکھا کہ ہندوستان کو اسلامی ملک بنایا جانا چاہئے۔
یہ بات ناگرا اسٹیشن ہاؤز آفیسر دیویندر ناتھ دوبے نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر جئے سنگھ کی جانب سے ریحان کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے جس کے بعد اس کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔