کھیل

ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز میں تاریخ رقم کرے گی

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ونڈے میچوں کی سیریز 22 جولائی سے شروع ہوگی۔ شکھر دھون سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔

نئی دہلی: ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ونڈے میچوں کی سیریز 22 جولائی سے شروع ہوگی۔ شکھر دھون سینئر کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔

کل جیسے ہی دھون میدان میں اتریں گے یہ ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ ایک سال میں 7 واں کھلاڑی ٹیم کی قیادت کرے گا جبکہ ہندوستان عالمی کرکٹ کی دوسری ٹیم بن جائے گی جس نے ایک سال میں 7 کپتان مقرر کیے ہیں۔

اس سے پہلے ہمسایہ ملک سری لنکا 2017 میں 7 کپتان استعمال کرچکاہے۔کے ایل راہول نے اس وقت ٹیم کی کمان سنبھالی تھی جب سال کے آغاز میں کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ ساتھ ہی ٹسٹ سیریز 1-2 سے ہارنے کے بعد کوہلی نے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس دورہ پر روہت کی غیرموجودگی میں راہول نے ونڈے ٹیم کی قیادت کی۔ اس کے بعد روہت شرما فٹ ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئے اور انہوں نے آئی پی ایل سے قبل گھر پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم کی قیادت سنبھالی اور تمام 11 میاچس جیتے۔

اس کے بعد آئی پی ایل ہوا اور اس رنگا رنگ لیگ کے فوراً بعد ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی۔ حالانکہ اس سیریز کیلئے کپتان کے ایل راہول کو بنایا گیا تھا، لیکن میچ سے ایک دن پہلے یہ اوپنر زخمی ہوگئے۔ راہول کی جگہ کپتانی کی ذمہ داری رشبھ پنت کو سونپی گئی۔

سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی۔ ہندوستان کو دورہ آئرلینڈ پر اس وقت پانچواں کپتان ملا جب بی سی سی آئی نے روہت شرما، راہول اور رشبھ پنت کی غیرموجودگی میں ہاردک پانڈیا کو ذمہ داری سونپی۔ ہندوستان نے دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو کلین سویپ کر دیا۔

اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹسٹ سے قبل روہت شرما کورونا کی لپیٹ میں آگئے۔ جسپریت بمراہ کو روہت کی غیر موجودگی میں ٹسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ ہندوستان یہ ٹسٹ 7 وکٹوں سے ہارگیا۔ اب 22 جولائی کو ہندوستان کو شکھر دھون کی صورت میں اس سال کا 7 واں کپتان ملے گا۔

دھون ایک تجربہ کار کپتان ہیں، آئی پی ایل کی کپتانی کے بعد انہوں نے سری لنکا کے آخری دورے پر ٹیم انڈیا کی قیادت کی ہے۔ ابھی مزید 5 ماہ باقی ہیں۔ اگر بی سی سی آئی کپتانی کی ذمہ داری کسی اور نئے کھلاڑی کو سونپتا ہے تو یہ عالمی ریکارڈ بن جائے گا۔ سال 2017 میں سری لنکا نے 7کپتان بنائے تھے۔ اس کے علاوہ زمبابوے کرکٹ ٹیم نے بھی 5 کپتان بنائے تھے۔

a3w
a3w