قومی

بیف اسمگلنگ کیس دبانے پر مرادآباد میں 10 پولیس والے معطل

بیف اسمگلنگ کا ایک کیس دبادینے کی مبینہ کوشش پر مرادآباد میں 10 پولیس والوں بشمول ایک اسٹیشن ہاؤز آفیسر(ایس ایچ او) کو معطل کردیا گیا۔

مرادآباد(یوپی) (پی ٹی آئی) بیف اسمگلنگ کا ایک کیس دبادینے کی مبینہ کوشش پر مرادآباد میں 10 پولیس والوں بشمول ایک اسٹیشن ہاؤز آفیسر(ایس ایچ او) کو معطل کردیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ست پال اینٹل نے محکمہ جاتی کارروائی میں یہ توثیق ہونے کے بعد ان کی معطلی کا حکم دیا کہ ان لوگوں نے ثبوت مٹانے کی کوشش کی۔ عہدیداروں کے بموجب پیر کی رات یوپی 112 پولیس ٹیم نے عمری سبزی پور جنگل کے علاقہ میں ایک مشتبہ ہونڈاسٹی کار کو روکا تھا۔

معائنہ کے بعد گاڑی میں کئی کیلو بیف پایا گیا۔ معاملہ کو بڑھانے کے بجائے پولیس والوں نے ایک گڑھا کھودکر گوشت دفنادیا اور کار کو دوسرے مقام پر منتقل کردیا۔ بعض پولیس والوں نے اسمگلرس کے ساتھ سیٹلمنٹ کی بھی کوشش کی۔ ایس ایس پی نے ست پال اینٹل نے واقعہ کی بھنک ملتے ہی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اسپیشل آپریشنس گروپ (ایس او جی) ٹیم نے وٹرنری والوں کے ساتھ مل کر دفنایا گیا گوشت نکالا۔ اس کے بیف ہونے کی توثیق ہوگئی جس کے بعد ایس ایس پی نے تمام ملوث عہدیداروں اور عملہ کی معطلی کا حکم دیا۔ سادات محلہ کے رہنے والے محمد سمیع کے نام پر رجسٹرڈ کار ضبط کرلی گئی۔ گوشت اسمگل کرنے والوں کی تلاش جاری ہے۔

معطل پولیس والوں میں ایس ایچ او منوج کمار‘ چوکی انچارج انیل کمار‘ سب انسپکٹرس مہاویر سنگھ اور تسلیم (یوپی 112)‘ ہیڈکانسٹیبلس بسنت کمار‘ دھیریندر کاسنا‘ کانسٹیبل موہت‘ منیش‘ راہول اور ڈرائیور سونو سائنی شامل ہیں۔