آندھرا پردیش میں بس میں آگ لگنے سے 13 مسافر زندہ جل گئے
پولیس کے مطابق دس مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر نے سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے وقت بس میں کل 30 مسافر سوار تھے۔
مارکپورم: آندھرا پردیش میں مارکپورم ضلع کے رائےورم گاؤں میں جمعرات کو ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک مسافر بس میں آگ لگنے سے 13 مسافر زندہ جل گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ایک نجی بس آج علی الصبح تلنگانہ کے جگتیال سے پامرو جا رہی تھی کہ قومی شاہراہ پر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس کے فوراً بعد بس میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق دس مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر نے سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے وقت بس میں کل 30 مسافر سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ فائر انجن کے پہنچنے اور آگ پر قابو پانے سے قبل بس اور ٹرک مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی مسافروں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے اور انہیں علاج کے لیے اونگول کے رمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ زیادہ تر مرنے والے اس بری طرح سے جھلس گئے تھے کہ ان کی شناخت بھی مشکل ہورہی ہے۔ پولیس فی الحال متوفی کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جن میں کچھ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حکام نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے جس کے فون نمبر 6304285613، 9985733999 اور 7989537285 ہیں۔
وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی حکام سے بات کی اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ حکام نے بتایا کہ وزیر داخلہ وی انیتا بھی جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔