ماں کی آنکھوں کےسامنے 2 بیٹے دریا میں غرق
درگاہ شریف کی زیارت سے پہلے نہانے کے لئے خاتون کے دو بیٹے 23سالہ سبحان اور 21سالہ ناگور دریا میں گئے تاہم یہ دونوں تیراکی سے واقف نہ ہونے کی وجہ سے دریا میں غرق ہونے لگے جن کوبچانے کیلئے ان کی ماں چیخ وپکارکرنے لگی۔

حیدرآباد: ماں کی آنکھوں کے سامنے دو بیٹے دریامیں غرق ہوگئے۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں جان پہاڑدرگاہ کے قریب پیش آیا۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے ضلع گنٹور کے سنددی گنٹہ کے ایل بی نگر سے تعلق رکھنے والی شیخ جان بی اپنے دوبیٹوں کے ساتھ اپنے رشتہ داروں کی منت اورزیارت کے سلسلہ میں درگاہ شریف پہنچی تھی۔
درگاہ شریف کی زیارت سے پہلے نہانے کے لئے خاتون کے دو بیٹے 23سالہ سبحان اور 21سالہ ناگور دریا میں گئے تاہم یہ دونوں تیراکی سے واقف نہ ہونے کی وجہ سے دریا میں غرق ہونے لگے جن کوبچانے کیلئے ان کی ماں چیخ وپکارکرنے لگی تاہم اس کی آنکھوں کے سامنے یہ دونوں دریا میں غرق ہوگئے۔
قریب میں موجود افراد نے اس بات کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے این ڈی آرایف کی ٹیم کو طلب کیا۔این ڈی آرایف کی ٹیم اور ریونیو کے عہدیداروں نے ان کی تلاش کاکام شروع کیا اورشام میں ان کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔
جان بی کے شوہر کا انتقال ہوگیا جس کے بعد انہوں نے تین بیٹوں کو کافی مشکل حالات میں پالا تھا۔ان کے دو بیٹے درگاہ شریف آئے تھے۔خاتون بیٹوں کی لاشیں دیکھ کرسکتہ سے دوچار ہوگئی۔