جی ایس ٹی عہدیدار بتاکر 28 کروڑ لوٹ لئے، جوڑا گرفتار
گرفتار افراد کی شناخت راجنا سرسلہ ضلع کے 57 سالہ بی نارائن گوڈ اور ورنگل ضلع کی 37 سالہ ایم شیلجاکے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے 20 ہزار روپے نقد، تین موبائل فون، ایک کار اور ایک اے ٹی ایم کارڈ ضبط کرلئے۔
حیدرآباد: جی ایس ٹی عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے 28 کروڑ روپے کا دھوکہ دینے والے دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔
حیدرآباد: سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم (بالا نگر) زون نے دو افراد کو گرفتار کرلیا جو خود کو جی ایس ٹی عہدیدار ظاہر کررہے تھے۔ اس طرح انہوں نے 18 افراد کو 28 کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا تھا۔
گرفتار افراد کی شناخت راجنا سرسلہ ضلع کے 57 سالہ بی نارائن گوڈ اور ورنگل ضلع کی 37 سالہ ایم شیلجاکے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے 20 ہزار روپے نقد، تین موبائل فون، ایک کار اور ایک اے ٹی ایم کارڈ ضبط کرلئے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (بالا نگر) جی سندیپ نے بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد نے خود کو جی ایس ٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے طور پر متعارف کرایا اور تاجروں سے یہ کہتے ہوئے رابطہ کیا کہ وہ کسٹم کے ذریعہ ضبط شدہ سونا اور دیگر مہنگی اشیاء کو کم قیمت پر واپس حاصل کرنے میں ان کی مدد کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاجروں کو قائل کرنے کے بعد دونوں ان سے بھاری رقم وصول کرتے اور دھوکہ دے کر فرار ہوجاتے۔ انہوں نے جی ایس ٹی اور دیگر سرکاری محکموں میں نوکریاں دلانے کا جھانسہ دے کر بھی کئی لوگوں کو لوٹا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم (بال نگر) نے پیٹ بشیر آباد پولیس کی مدد سے ان کی گرفتاری عمل میں لائی۔
پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ایسے گروہوں کا شکار نہ ہوں اور اگر کوئی شخص ایسے آفرس لے کر ان کے پاس آتا ہے اور انہیں آسان راستوں سے پیسہ کمانے میں مدد کرنے کی پیشکش کرتا ہے تو پولیس کو اطلاع دیں۔