قومیسوشیل میڈیا

بلی کی حفاظت کیلئے 4 ہوم گارڈس کی تعیناتی۔ پولیس نے دی وضاحت

اتر پردیش کے آگرہ شہر میں ایک انوکھی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ چار ہوم گارڈز کو ایک بلی کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ وائرل پیغام میں کہا گیا کہ یہ بلی ایس پی ٹریفک ابھشیک کمار کی پالتو ہے۔

نئی دہلی: اتر پردیش کے آگرہ شہر میں ایک انوکھی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ چار ہوم گارڈز کو ایک بلی کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ وائرل پیغام میں کہا گیا کہ یہ بلی ایس پی ٹریفک ابھشیک کمار کی پالتو ہے۔ تاہم، آگرہ پولیس نے اس دعوے کو بے بنیاد اور محض ایک غلط فہمی قرار دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق 30 جولائی کو آگرہ پولیس لائن میں چار ہوم گارڈز کی ڈیوٹی لگائی گئی۔ انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ ایک بلی اور اس کے بچوں کا خیال رکھیں تاکہ کسی جانور یا شخص سے انہیں نقصان نہ پہنچے۔ کانسٹیبل یوگیش کمار نے ڈیوٹی کے دوران ہوم گارڈز کو بتایا کہ یہ بلی ایس پی ٹریفک کی ہے، اس لئے اس کی حفاظت ضروری ہے۔ یہاں تک کہ رات میں بلی کو دودھ، روٹی اور پانی دینے کے بھی احکامات دئے گئے۔

ڈیوٹی مکمل ہونے کے بعد ہوم گارڈز کو علم ہوا کہ یہ بلی ایس پی ٹریفک کی نہیں ہے بلکہ لاوارث ہے۔ ایک ہوم گارڈ نے اپنے آفیشل گروپ میں بلی کے بچے کی تصویر کے ساتھ یہ اطلاع دی، جس سے حقیقت سامنے آگئی۔

آگرہ پولیس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وائرل پیغام مکمل طور پر افواہ ہے۔ پولیس کے مطابق یہ بلی پالتو نہیں تھی بلکہ لاوارث تھی اور پولیس لائن میں رہتی تھی۔ ہوم گارڈز کو صرف یہ کہا گیا تھا کہ بلی اور اس کے بچوں کو محفوظ رکھیں تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔

پولیس میڈیا سیل کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایس پی ٹریفک کی بلی ہونے کا دعویٰ جھوٹا ہے۔ اصل میں ہوم گارڈز کو صورتحال کا غلط مطلب سمجھ آیا اور انہوں نے اسے بڑھا چڑھا کر پیش کر دیا۔