آئی ٹی ملازم کے اغوا کے الزام میں بہن کے بشمول 5گرفتار
آئی ٹی ملازم کے اغوا کے الزام میں بہن کے بشمول 5گرفتار
حیدرآباد: پولیس نے سافٹ وئیر ملازم کے اغواء کے الزام میں ایک خاتون کے بشمول 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس خاتون پر اپنے ہی کزن(رشتہ کے بھائی) کے اغوا میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ملزمین سافٹ وئیر ملازم کے اغوا اور تاوان طلب کرنے کے واقعہ میں ملوث بتائے گئے ہیں۔ سائبر آباد پولیس نے اتوار کے روز یہ بات بتائی۔
34سالہ آئی ٹی ملازم کو تاوان کیلئے اغوا کرنے والی بدنام زمانہ گینگ نے کار میں اغوا کرلیا۔ یہ واقعہ، اپنی رشتہ کی بہن (کزن) کے بلانے پر ملازم کے خواجہ گوڑہ جھیل پہونچنے کے بعد پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ خاتون اور اس کا عاشق آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے۔ شادی کے بعد پرتعیش زندگی کیلئے ان دونوں کو زرکثیر چاہئے تھا۔ خاتون نے اپنے عاشق اور اس کے گینگ لیڈر کے ساتھ اپنے کزن وآئی ٹی ملازم کو تاوان کیلئے اغوا کرنے کی سازش پر تبادلہ خیال کیا، کلیدی ملزم جو اغوا گینگ کا سرغنہ بتایا گیا ہے، جرائم کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
اس کے خلاف چوری، ڈکیتی اور تاوان کیلئے اغواء کے 23مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے جو اغواء کنندوں کے ٹھکانے کا پتہ لگارہی تھی، متاثرہ (مغویہ) کو اندرون48 گھنٹے، آندھرا پردیش میں آتما کور فاریسٹ چیک پوسٹ کے قریب سے بازیاب کرالیا۔
ابتداء میں اغوا کنند گان نے متاثر (آئی ٹی ملازم) کی بیوی کو فون کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کی رہائی کیلئے2کروڑ روپے تاوان کی رقم ادا کریں۔ جب انہیں پتہ چلا کہ ان کی گاڑی کو پولیس ٹریک کررہی ہے تو ملزمین نے تاوان کے مطالبہ کی رقم 2کروڑ روپے سے گھٹا کر20لاکھ روپے کردی۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
ان ملزمین نے آئی ٹی ملازم کا اغوا کرنے کی سازش کی۔ اس سازش کے تحت خاتون نے شخصی مسئلہ پر تبادلہ خیال کیلئے اپنے کزن کو خواجہ گوڑہ جھیل کی روڈ پر طلب کیا۔ کزن بہن کے کہنے پر وہ، جھیل روڈ پہونچا مگر وہاں پہلے سے منتظر ملزم اور اس کی گینگ کے ارکان نے آئی ٹی ملازم کا اغوا کرلیا اور اسے کار میں بٹھا کر لے گئے مگر خاتون کو اپنے ساتھ نہیں لے گئے۔
بعدازاں اس خاتون نے اپنے منصوبہ کے مطابق پولیس میں کزن کے اغواء کی شکایت درج کرائی ملزم نے متاثرہ (مغویہ) کی بیوی کو تاوان کی رقم کیلئے فون کیا۔
فون کال کے بعد پولیس نے ملزمین کی گاڑی کا پتہ لگانے کی کوشش کا آغاز کردیا تاہم ملزمین نے آتما کور فاریسٹ چیک پوسٹ پر رکاوٹوں پر اپنی گاڑی چڑھا دی، جس کے بعد ملزمین مغویہ کو گاڑی کے ساتھ چھوڑ کر فرار ہوگئے اس طرح آئی ٹی ملازم کو بچالیا گیا۔
مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد رائے درگم پولیس نے ہفتہ کے روز 7کے منجملہ5ملزمین کو گرفتار کرلیا، تفتیش پر ان ملزمین نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔ مابقی مفرور دوملزمین کی تلاش شروع کردی گئی ہے پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔