شمالی بھارت

سورت میں 16ماہ میں 65ڈائمنڈ ورکرس نے خودکشی کرلی، 50ہزار ورکرس بے روزگار

ڈائمنڈ ورکرس یونین گجرات (ڈی ڈبلیو یو جی) نے 15جولائی کو جو سوسائیڈ ہلپ لائن نمبر جاری کیا تھا اس پر 1600 سے زائد کالس آئی ہیں۔ اِس پہل سے جڑے ایک عہدیدار نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔

سورت: ڈائمنڈ ورکرس یونین گجرات (ڈی ڈبلیو یو جی) نے 15جولائی کو جو سوسائیڈ ہلپ لائن نمبر جاری کیا تھا اس پر 1600 سے زائد کالس آئی ہیں۔ اِس پہل سے جڑے ایک عہدیدار نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔

میڈیا رپورٹس کے حوالہ سے ڈی ڈبلیو یو جی کے نائب صدر بھویش ٹانک نے کہا کہ سورت میں گزشتہ 16ماہ میں 65ڈائمنڈ ورکرس نے خودکشی کرلی۔ بیشتر نے ڈائمنڈ انڈسٹری (ہیرا صنعت) میں مندی کے نتیجہ میں تنخواہیں گھٹنے اور نوکریاں جانے سے پریشان ہوکر انتہائی اقدام کیا۔

گجرات کا شہر سورت ڈائمنڈ سیکٹر کا اہم مرکز ہے۔ دنیا کے 90 فیصد غیرتراشیدہ ہیرے یہیں تراشے اور پالش کئے جاتے ہیں۔ 2500یونٹس میں لگ بھگ 10ہزار ورکرس کام کرتے ہیں۔ بھویش ٹانک نے کہا کہ ہم نے 15جولائی کو ہلپ لائن نمبر جاری کیا تھا جس پر 1600 سے زائد کالس آئیں۔

کال کرنے والوں میں زیادہ تر نے کہا کہ وہ مالی پریشانیوں کے باعث اپنی زندگی ختم کررہے ہیں۔ کال کرنے والوں میں بیشتر گزشتہ چند ماہ میں بے روزگار ہوگئے۔

یوکرین اور روس کی جنگ، اسرائیل اور حماس کی جنگ کے علاوہ چین جیسی اہم مارکٹ میں مانگ گھٹنا اور سپلائی کا زیادہ ہونا پریشان کن رہا۔ جاریہ سال 50ہزار ورکرس کی نوکریاں چلی گئیں۔

a3w
a3w