سنکرانتی پر زائد کرایہ وصول کرنے والی بسوں پر 937 معاملات درج اور 53 لاکھ روپے جرمانہ
حکام کے مطابق حیدرآباد۔وشاکھاپٹنم اور حیدرآباد۔تروپتی جیسے مصروف روٹس پر بس مالکین25 سے 50 فیصد تک زائد کرایہ وصول کر رہے تھے۔ معائنہ کے دوران حکام نے مسافروں کے ٹکٹ چیک کر کے کرایوں کی تصدیق کی۔
حیدرآباد: سنکرانتی تہوار کے موقع پر مسافروں کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے والے پرائیویٹ ٹراویلس آپریٹرس کے خلاف آندھرا پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بڑے پیمانہ پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔
ٹرانسپورٹ کمشنر منیش کمار سنہا کی ہدایت پر 9 جنوری سے 14 جنوری تک چلائی گئی خصوصی مہم کے دوران 937 معاملات درج کئے گئے اور مجموعی طور پر 53.86 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
مسافروں سے مقررہ حد سے زیادہ رقم وصول کرنے پر 217 معاملات درج کئے گئے اور 21.84 لاکھ روپے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔
حکام کے مطابق حیدرآباد۔وشاکھاپٹنم اور حیدرآباد۔تروپتی جیسے مصروف روٹس پر بس مالکین25 سے 50 فیصد تک زائد کرایہ وصول کر رہے تھے۔ معائنہ کے دوران حکام نے مسافروں کے ٹکٹ چیک کر کے کرایوں کی تصدیق کی۔
720 معاملات بسوں میں حفاظتی انتظامات کی کمی پر درج کئے گئے۔ ان بسوں میں ایمرجنسی ہتھوڑے، فرسٹ ایڈ کٹس کی عدم موجودگی، تیز روشنیوں کا استعمال اور سامان رکھنے کی جگہ میں تجارتی مال کی منتقلی جیسے جرائم شامل تھے۔ ان خلاف ورزیوں پر 32.02 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ مہم ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ تہوار کے بعد واپسی کے ہجوم کو مدنظر رکھتے ہوئے 16 سے 18 جنوری تک دوبارہ خصوصی معائنہ کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی لوٹ مار سے بچایا جا سکے اور حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔