مذہبی مقامات پر شراب اور گوشت پر امتناع زیرغور
چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے ہفتہ کے دن کہا کہ ان کی حکومت دریائے نرمدا کے کنارے واقع مذہبی مقامات میں شراب اور گوشت پر امتناع عائد کرنے کی سوچ رہی ہے۔
بھوپال: چیف منسٹر مدھیہ پردیش موہن یادو نے ہفتہ کے دن کہا کہ ان کی حکومت دریائے نرمدا کے کنارے واقع مذہبی مقامات میں شراب اور گوشت پر امتناع عائد کرنے کی سوچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے نرمدا کا تقدس برقرار رکھنا اس کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اس فیصلہ کو لاگو کرنے میں سارے محکمے تعاون کریں گے۔ آج کابینی کمیٹی کے سامنے یہ تجویز آئی۔
عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ دریائے نرمدا کو صاف ستھرا بنانے اور اس کا مسلسل بہاؤ یقینی بنانے کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔ یہ بھی طئے پایا کہ دریائے نرمدا جہاں سے شروع ہوتی ہے وہاں سے ایک سٹیلائٹ شہر بنایا جائے۔
غور طلب ہے کہ 1312 کیلو میٹر طویل دریائے نرمدا امر کنٹک سے شروع ہوتی ہے اور خلیج ِ کھمبات میں جاملتی ہے۔ مدھیہ پردیش میں وہ 1079 کیلو میٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔ دریائے نرمدا کے کنارے 21 اضلاع‘ 28 تحصیلیں اور 1126 گھاٹ ہیں۔