سلطان العلوم کالج آف فارمیسی میں ریڈ کراس بلڈ بینک کے تعاون سے خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد
عالمی یوم فارماسسٹ کے موقع پر سلطان العلوم کالج آف فارمیسی میں انڈین ریڈ کراس بلڈ بینک تلنگانہ اسٹیٹ کے اشتراک سے سالانہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
حیدرآباد: عالمی یوم فارماسسٹ کے موقع پر سلطان العلوم کالج آف فارمیسی میں انڈین ریڈ کراس بلڈ بینک تلنگانہ اسٹیٹ کے اشتراک سے سالانہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم تقریب کا افتتاح وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کیا۔
افتتاحی خطاب میں وزیر صحت نے فارماسیوٹیکل سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے تلنگانہ حکومت کے عزم پر زور دیا اور کہا کہ ریاست میں ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈینٹس (API) کی پیداوار کو بڑھاوا دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ادویات سازی کے میدان میں ریاست تلنگانہ کے نمبر ایک مقام کو اجاگر کرتے ہوئے، حکومت کی جانب سے فارمیسی کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات، بشمول سرکاری اور خانگی کالجس میں فارمیسی سیٹس میں اضافے پر بات کی۔
دامودر راج نرسمہا نے خون کا عطیہ کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم اقدام ہے جو ضرورت مند مریضوں کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انڈین ریڈ کراس بلڈ بینک کے چیئرمین اجے مشرا آئی اے ایس (ریٹائرڈ) نے خون کے عطیہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس اقدام کی بھرپور ستائش کی۔
کالج کی پرنسپل ڈاکٹر انوپما کونیرو نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے اعزازی سکریٹری ظفر جاوید نے خون کا عطیہ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر کالج کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے طلباء اور عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ہمدردی اور خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے جو کالج کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا، "آج عطیہ کیا گیا ہر قطرہ خون کسی کی زندگی بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔”
اس موقع پر سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر میر اکبر علی خان نے تقریب کی صدارت کی، جبکہ بورڈ ممبر عامر جاوید نے تقریب کی کوآرڈینیشن کی۔ سوسائٹی کے دیگر ممبران، عمر جاوید اور فائق احمد بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
تقریب میں 300 سے زائد طلباء اور کالج کے عملے نے شرکت کی اور خون کا عطیہ دے کر کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی اور خدمت کے جذبے کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس کامیاب کیمپ نے تعلیمی اور سماجی ذمہ داریوں میں کالج کے کردار کو مزید اجاگر کیا۔