سوشیل میڈیاقومی
ٹرینڈنگ

لہنگے میں دلہن کی دوڑ، 18 کلو میٹر کا سفر اور ایک ایسی مجبوری جس نے سب کو حیران کردیا

اتراکھنڈ کے گاؤں تک آج بھی سڑک نہیں، شادی کے دن دلہن کو چار گھنٹے پیدل چلنا پڑا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

دہرادون۔ اتراکھنڈ کے ایک پہاڑی گاؤں میں سڑک کی عدم دستیابی نے ایک دلہن کو اپنی شادی کے دن بھی دشوار گزار راستے پر پیدل سفر کرنے پر مجبور کردیا۔ دلہن شرمیلا کو بھاری بھرکم لہنگے میں تقریباً 18 کلو میٹر کا پہاڑی راستہ چار گھنٹے میں طے کرنا پڑا۔ گھر میں داخلے کی رسم کے لیے مقررہ شبھ مہورت نکل جانے کے اندیشے کے پیش نظر دلہن کو راستے میں دوڑ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، یہ معاملہ اتراکھنڈ کے چکراتا بلاک کے اُداوا گاؤں کا ہے، جہاں انیل چوہان سے شادی کے بعد شرمیلا اپنے سسرال جارہی تھیں۔ دلہن کی رخصتی بُلھاڑ گاؤں سے ہوئی اور وہ باراتیوں و گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ لوکھنڈی تک پہنچیں۔ تاہم، اس کے بعد سسرال تک پہنچنے کے لیے انہیں دشوار گزار پہاڑی راستے پر پیدل سفر کرنا پڑا، کیونکہ اُداوا گاؤں تک آج تک سڑک تعمیر نہیں ہوسکی ہے۔

شبھ مہورت بچانے کے لیے لگائی دوڑ

شادی کے بھاری لباس میں پتھریلے اور کچے راستے پر چلنا شرمیلا کے لئے کسی آزمائش سے کم نہیں تھا۔ تقریباً چار گھنٹے کے سفر کے دوران انہیں یہ فکر بھی لاحق تھی کہ کہیں گھر میں داخلہ کی رسم کا مقررہ شبھ مہورت نہ گزر جائے۔ ایسے میں دلہن نے وقت پر سسرال پہنچنے کے لئے لہنگے میں ہی دوڑ لگادی۔ اس منظر کو دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے اپیل

سفر کے دوران مقامی افراد نے دلہن کی ویڈیو بنائی، جو اب سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کررہی ہے۔ ویڈیو میں شرمیلا اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے اپنے گاؤں تک سڑک تعمیر کروانے کی اپیل کرتی نظر آتی ہیں۔

دلہن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی شادی کے دن دشوار گزار راستے پر پیدل چلنے اور دوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد گاؤں کو پکی سڑک سے جوڑے، تاکہ مستقبل میں کسی دوسری دلہن کو اپنی شادی کے دن ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ واقعہ پہاڑی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی اور سڑکوں کی عدم دستیابی کے مسئلے کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔ شادی جیسے خوشی کے موقع پر دلہن کو پیش آنے والی اس دشواری نے سڑک کی تعمیر کے مطالبے کو نمایاں کردیا ہے۔