آندھراپردیش

جگن اور دو آئی پی ایس آفیسرس کے خلاف اقدام قتل کا کیس درج (ویڈیوز)

تلگودیشم پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے وسابق ایم پی کے رگھو رام کرشنا راجو کی شکایت پر گنٹور میں پولیس نے آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دو آئی پی ایس عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے موجودہ ایم ایل اے وسابق ایم پی کے رگھو رام کرشنا راجو کی شکایت پر گنٹور میں پولیس نے آندھرا پردیش کے سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور دو آئی پی ایس عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

متعلقہ خبریں
روہنی سندھوری کی روپا مودگل کو نوٹس، ہرجانہ کا مطالبہ
تلنگانہ میں 7 آئی اے ایس آفیسرس کو ترقی

کرشنا راجو نے الزام عائد کیا کہ سابق وائی ایس آر سی پی کی حکومت میں ان تینوں نے پولیس حراست کے دوران انہیں ہلاک کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے اُس وقت کے سی آئی ڈی چیف پی وی سنیل کمار، انٹلیجنس چیف سیتا رام انجینلو، اور اُس وقت کے چیف منسٹر جگن، ایڈیشنل اسی پی آر وجئے پال، اس وقت کے سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل گنٹور پربھاوتی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

ناگارام پالم پولیس اسٹیشن میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔ ضلع مغربی گوداوری کے حلقہ اوندی کے رکن اسمبلی نے گزشتہ ماہ ضلع ایس پی گنٹور کو ایک تحریری شکایت پیش کی تھی جس میں انہوں نے شکایت کی کہ پیشرو وائی ایس آر سی پی کی حکومت کے دوران انہیں قتل کرنے کی کوشش کی گئی اور پولیس تحویل میں مجھے اذیت دی گئی اور ان کے خلاف مجرمانہ سازش کی گئی۔

انہوں نے اپنی شکایت میں اُس وقت کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، سنیل کمار، سیتا رام انجینلو، اور وجئے پال کے نام ملزمین کے طور پر لیا ہے۔2019 کے لوک سبھا الیکشن میں راجو، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر حلقہ نرسا پورم سے منتخب ہوئے تھے لیکن بعد میں وہ باغی بن گئے۔14مئی 2021 کو راجو کو بغاوت کے ایک کیس میں حیدرآباد میں ان کے مکان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان پر حکومت کے خلاف تبصرہ کرنے اور ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے الزام میں کیس درج کیاگیاتھا۔ اُس وقت کے ایم پی کرشنا راجو نے کہا کہ ان کی گرفتاری میں طریقہ کار کو ملحوظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے ان کا طبی معائنہ نہیں کرایا یا مناسب قانونی طریقہ کار کو نہیں اپنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حیدرآباد میں عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دھکہ دے کر انہیں پولیس کی گاڑی میں بٹھا کر اس رات زبردستی گنٹور لیجایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں سی بی۔ سی آئی ڈی آفس میں رکھا گیا اور پولیس تحویل کے دوران ان کی جان لینے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سنیل کمار، سیتا رام انجینلو اور دیگر نے ربر کے بیلٹ اور لاٹھی سے مجھے زدو کوب کیا اور انہیں دوائیں لینے سے بھی روکا گیا۔

سابق ایم پی نے مزید الزام عائد کیا کہ یہ معلوم ہونے پر کہ میری بائی پاس سرجری ہوئی ہے، اس کے باوجود چند افراد نے میرے سینہ پر بیٹھ گئے اور سینہ کو دبانے لگے جو بظاہر مجھے ہلاک کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میرا سل فون چھین لیا گیا اور فون پاسورڈ نہ بتانے پر مجھ پر تشدد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سنیل کمار نے چیف منسٹر جگن کے خلاف لب کشائی کرنے پر مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گنٹور گورنمنٹ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے پولیس تشدد کے زخموں کے بارے میں جھوٹی رپورٹ دی۔ کرشنا راجو نے اس سال اپریل میں ٹی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

ریاست میں ٹی ڈی پی کے برسراقتدار آنے کے بعد کرشنا راجونے پولیس میں تازہ شکایت درج کراتے ہوئے ان عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

a3w
a3w