حیدرآباد

ارکان اسمبلی کو خرید نے کے معاملہ کا نیا موڑ

بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو خریدنے کے معاملہ پر ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اس معاملہ کی سماعت کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ 8 افراد کو مدعی علیہ بناتے ہوئے یہ درخواست داخل کی گئی۔

حیدرآباد: ریاست گیر سطح پر سنسنی پیدا کردینے والا معین آباد فارم ہاوز واقعہ نے آج اس وقت اہم موڑ اختیار کرلیا جبکہ بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو خریدنے کے معاملہ پر ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اس معاملہ کی سماعت کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ 8 افراد کو مدعی علیہ بناتے ہوئے یہ درخواست داخل کی گئی۔

حکومت تلنگانہ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، کمشنر پولیس سائبر آباد، اے سی پی راجندر نگر، اسٹیشن ہاوز آفیسر معین آباد پولیس اسٹیشن، مرکزی حکومت اور سی بی آئی کو مدعی علیہ بنایا گیا۔ بی جے پی کی جانب سے ریاستی پولیس کے اختیار کردہ طرز عمل پر اعتراض ظاہر کیا گیا۔

 ہائی کورٹ سے خواہش کی گئی ہے کہ معاملہ کی تہہ تک جانے کیلئے اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم تشکیل دی جانی چاہئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز رکن اسمبلی تانڈور پی روہت ریڈی نے بی جے پی پر ٹی آر ایس کے چار اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرلیا تھا۔

 ایف آئی آر کے مطابق بی جے پی میں شمولیت کی صورت میں فی رکن اسمبلی کو100کروڑ روپے دینے کاستیش شرما عرف رام چندر ا بھائی نے پیش کش کی تھی۔ ستیش شرما کیلئے درمیانی شخص کا کردار اداکرنے کیلئے نندو اور سمہا جلو فارم ہاوز پہنچے۔

بی جے پی کی طرف سے وعدہ کیا گیا کہ ٹی آر ایس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے عوض100کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔

 بی جے پی میں شمولیت کے بعد ای ڈی، سی بی آئی دھاؤں سے نجات دلانے اور فوجداری مقدمات سے بھی چھٹکارہ دلانے کا وعدہ کیا گیا۔ مرکز کے سیول کنٹراکٹس کے علاوہ مرکزی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز کرنے کی بھی پیشکش کی گئی۔ پیشکش کردہ سوکروڑ کا نصف حصہ 50 کروڑ بطور اڈوانس دینے کا تیقن دیا تھا۔

دوسری طرف اراکین اسمبلی کو خرید نے کی کوشش میں ملوث تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد آج دن بھر تفتیش جاری رہی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے تینوں ملزمین کو خفیہ مقام منتقل کرتے ہوئے حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش جاری ہے۔ تفصیلات حاصل کرنے کے بعد تینوں کو عدالت میں پیش کرنے کا امکان ہے۔

 اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے لئے غیر اخلاقی طریقہ اختیار کرنے کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ معین آباد پولیس اسٹیشن حدد میں پی روہت ریڈی کے فارم ہاوز میں یہ واقعہ رونما ہوا۔ معین آباد پولیس مصروف تحقیقات ہے۔