ابھیجیت دپکے اور نیہا بورا کو رہا کردیا گیا
کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے کو ہفتہ کے دن مشروط ضمانت دے دی گئی اور ان سے پیس بانڈ پر دستخط کرنے کو کہا گیا۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔
نئی دہلی(پی ٹی آئی) کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے کو ہفتہ کے دن مشروط ضمانت دے دی گئی اور ان سے پیس بانڈ پر دستخط کرنے کو کہا گیا۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی۔
ابھیجیت کو جمعہ کے دن کناٹ پلیس میں سی جے پی کے لہرادو ترنگا احتجاج میں حصہ لینے کے لئے مکان سے باہر نکلتے ہی دہلی کے علاقہ جھنڈے والاں میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ہفتہ کی صبح ابھیجیت کو گرفتار کرلیا گیا کہ انہوں نے 10 اکتوبر کے پیس بانڈ کی خلاف ورزی کی تھی۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پیس بانڈ میں دیئے گئے تیقن کی بنیاد پر ابھیجیت کو رہا کردیا گیا۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن کی صدر نیہا بورا کو آج صبح رہا کردیا گیا۔ نیہا کو کل لہرادوترنگا احتجاج سے قبل بطور احتیاط حراست میں لیا گیا تھا۔ اے آئی ایس اے کی صدر نے مطالبہ کیا کہ تمام احتجاجیوں کو جنہیں حراست میں لیا گیا ہے یا گرفتار کیا گیا ہے فوری رہا کردیا جائے۔
اس نے کہا کہ اس تحریک کے دوران پولیس غیر قانونی طورپر شام میں پکڑ کر اگلی صبح یا شام چھوڑ رہی ہے۔ ہمیں پتہ نہیں کہ کونسا قانون اس قسم کی حراست کی اجازت دیتا ہے۔ سنٹرل دہلی میں جس قسم کا کرفیو لگایا گیا ہے وہ بھی برخواست ہونا چاہئے۔ گیانیش کمار تا بی جے پی حکومت ہر کسی کو اپنا گھمنڈ چھوڑ دینا چاہئے۔
گیانیش کمار کو یا تو مستعفی ہوجانا چاہئے یا ان کا مواخذہ کرکے انہیں جیل میں ڈال دینا چاہئے۔ ایس آئی آر کو روک دینا چاہئے تاکہ دہلی اور ملک کے عوام راحت کی سانس لے سکیں۔
نیہا کی رہائی کے بعد اے آئی ایس اے نے مشکل کی گھڑی میں تنظیم کے ساتھ کھڑے رہنے والوں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ جمعہ کے دن نیہا بورا کو منڈی ہاؤز سے اور ابھیجیت کو جھنڈے والاں سے حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ دونوں کناٹ پلیس جارہے تھے۔