جیوتی ملہوترہ کے بعد ایک اور یوٹیوبر پنجاب سے گرفتار
پاکستان کے لئے مبینہ جاسوسی پر یوٹیوبر جیوتی ملہوترہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس نے چہارشنبہ کے دن ایک اور یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
چندی گڑھ (آئی اے این ایس) پاکستان کے لئے مبینہ جاسوسی پر یوٹیوبر جیوتی ملہوترہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب پولیس نے چہارشنبہ کے دن ایک اور یوٹیوبر جسبیر سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
اس نے جسبیر سنگھ سے جڑے ایک اور دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روپ نگر کا رہنے والا جسبیر سنگھ یوٹیوب چیانل جان محل چلاتا ہے۔ وہ پاکستانی انٹلیجنس کارندہ شاکر عرف جٹ رندھاوا سے جڑا پایا گیا۔
ہریانہ کی جیوتی ملہوترہ اور پاکستان ہائی کمیشن کے سابق عہدیدار احسان الرحیم عرف دانش سے بھی اس کے روابط تھے۔ دانش کو ناپسندیدہ اجنبی قراردے کر حکومت ِ ہند نے نئی دہلی سے پاکستان واپس بھیج دیا۔
تحقیقات میں پتہ چلا کہ جسبیر نے دانش کے مدعو کرنے پر دہلی میں پاکستان نیشنل ڈے ایونٹ میں شرکت کی تھی جہاں اس کی ملاقات پاکستانی فوجی عہدیداروں اور بلاگرس سے ہوئی تھی۔ وہ 3 مرتبہ (2020-2021-2024) پاکستان گیا تھا۔ اس کے الکٹرانک آلات میں کئی پاکستانی نمبر پائے گئے۔
ڈی جی پی گورو یادو نے ایکس پر یہ بات بتائی۔ جیوتی ملہوترہ کی گرفتاری کے بعد جسبیر نے پاکستانی انٹلیجنس کارندوں سے اپنے تمام کمیونیکیشن ٹریسس کو مٹانے کی کوشش کی تھی۔