یوروپ

برطانیہ میں سوٹ کیس سے دو لاشیں ملنے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں

برسٹل، جنوب مغربی انگلینڈ میں پولیس کو اطلاعات موصول ہوئیں کہ کلفٹن پل پر سوٹ کیس کے ساتھ ایک مشکوک شخص موجود ہے جبکہ دوسرا سوٹ کیس بھی قریب سے ملا۔

لندن: انگلینڈ کے شہر برسٹل میں پل کے نیچے موجود سوٹ کیس سے دو انسانی لاشیں ملیں، پولیس کو شبہ ہے کہ نفرت انگیزی کی بنیا پر یہ واقعہ پیش آیا۔

برسٹل میں کلفٹن سسپنشن برج پر سوٹ کیس سے انسانی باقیات برآمد ہوئیں، جس کے بعد برطانوی پولیس نے پیر کو 34 سالہ یوسٹن اینڈریس موسکیرا پر دو افراد کے قتل کا الزام عائد کیا ہے، قتل ہونے والوں کی شناخت 62 سالہ البرٹ الفانسو اور 71 سالہ پال لانگ ورتھ کے نام سے ہوئی ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ دونوں متاثرین آپس میں تعلقات رکھتے تھے اور مغربی لندن کے شیفرڈز بش میں ایک فلیٹ میں اکٹھے رہتے تھے، جہاں موسکویرا نامی شخص بھی کچھ عرصے سے مقیم تھا۔

ڈپٹی اسسٹنٹ کمشنر اینڈی ویلنٹائن کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ یہ خوفناک واقعہ نہ صرف شیفرڈز بش کے رہائشیوں بلکہ لندن بھر میں ایل جی بی ٹی کیو پلس کمیونٹی میں تشویش کا باعث بنے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ انکوائری ابھی جاری ہے اور تحقیقات نسبتاً ابتدائی مرحلے میں ہے، ہم فی الحال ان دونوں قتل کے سلسلے میں کسی اور کی تلاش نہیں کر رہے ہیں۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ اب تک جو شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں ان میں ہم جنس پرستی کا عنصر سامنے نہیں آیا، لیکن اس کیس کو ابتدائی طور پر نفرت انگیز جرم کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔

برسٹل، جنوب مغربی انگلینڈ میں پولیس کو بدھ کی رات اطلاعات موصول ہوئیں کہ کلفٹن پل پر سوٹ کیس کے ساتھ ایک مشکوک شخص موجود ہے جبکہ دوسرا سوٹ کیس بھی قریب سے ملا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ماسکیرا سوٹ کیس کے ساتھ لندن سے سفر کررہا تھا، اسے ہفتے کے روز برسٹل میں گرفتار کیا گیا تھا، اسے لندن میں ومبلڈن مجسٹریٹس کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

a3w
a3w