بھاگیہ لکشمی مندر آنے اکبر الدین کا چالینج قبول: ریڈی کا خطاب
صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ 9 دسمبر کو تلنگانہ میں اندرماں راجیہ حکومت کی تشکیل یقینی ہے۔
حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کہا ہے کہ 9 دسمبر کو تلنگانہ میں اندرماں راجیہ حکومت کی تشکیل یقینی ہے۔
ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں 6 ضمانتی اسکیمات پر دستخط کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی آج گاندھی بھون میں سابق ٹی پی سی سی بی چیرمین کے سرینواس ریڈی (سابق وزیر کے رام ریڈی کے فرزند) اور سابق میونسپل چیرپرسن سنیتا سمپت‘ سابق ڈی سی سی صدر لکشماریڈی کے فرزند مہیپال ریڈی اور دیگر قائدین کی بڑی تعداد کی کانگریس کی شمولیت کے موقع پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کو شرابیوں کی آماجگاہ بنادیا۔
انہوں نے کہا کہ بلا۔ رنگا (کے ٹی آر۔ ہریش راؤ) کتوں کی طرح بھوک رہے ہیں کہ کانگریس نے کیا کیا۔ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ کے سی آر جو وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ وہ سونیا گاندھی کی جانب سے دی گئی بھیک ہے۔ اس وقت کے ٹی آر امریکہ میں باتھ روم دھورہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے لئے مفت بجلی‘ کسانوں کو قرض کی معافی‘ طلباء کو فیس ریمبرسمنٹ اور آروگیہ شری جیسی اسکیمیں کیا یہ کانگریس پارٹی کا کارنامہ نہیں ہے۔
ریونت ریڈی نے انتباہ دیا کہ کانگریس کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جائیں گے تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ربر کی سینڈل پہن کر پھرنے والے ہریش راؤ آج کانگریس قائدین کے خلاف بڑی بڑی باتیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 45 دنوں میں ہمارے کارکنوں کے اچھے دن آئیں گے۔ تمام عہدیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانگریس پارٹی ریاست کے ڈی جی پی کو ہٹانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ سائبرآباد کمشنر اسٹیفن رویندرا اور پربھاکر راؤ پر کانگریس قائدین کے فون ٹیاپنگ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر کانگریس قائدین کو ہراساں کیا گیا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے 75 عہدیداروں کی فہرست تیار کی ہے جو کانگریس کو مدد کررہے ہیں اور یہ فہرست انہوں نے مرکزی وزیر پیوش گوئل کو دی ہے۔
کے ٹی آر خود بعض عہدیداروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ”بابو کے ٹی آر۔ اب تمہارا اقتدار صرف 45 دن باقی ہے“ اس کے بعد کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔ جیسے ہی ہم اقتدار میں آئیں گے تمہیں واپس بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عہدیدار اروند کمار‘ جیش رنجن اور سومیش کمار تحائف دینے والوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ عہدیداروں کو عہدیدار کی طرح رہنا چاہئے۔ بی آر ایس کارکنوں کی طرح کام نہیں کرنا چاہئے۔
ریونت ریڈی نے اکبر الدین اویسی پر مودی‘ کشن ریڈی اور راجہ سنگھ کی طرح بات کرنے کا الزام عائد کیا۔ وہ مجھے بھاگیہ لکشمی مندر میں حلف لینے کے لئے کہہ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میں بھاگیہ لکشمی مندر آنے تیار ہوں۔ ”کیا آپ مندر آنے تیار ہیں“؟ ریونت ریڈی نے چالینج کیا۔ صدر ٹی پی سی سی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کو اقتدار پر لانے کے لئے آئندہ 45 دن سخت جدوجہد کریں۔