قومی

سیاسی فائدہ کیلئے اکھلیش‘ اعظم خان سے ملنے جارہے ہیں:مولانا رضوی

آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا مفتی شہاب الدین رضوی بریلوی نے چہارشنبہ کے دن دعوی کیا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا مجوزہ دورہ رامپور اور جیل میں بند سینئر پارٹی قائد محمد اعظم خان سے ملاقات انتخابی ترجیحات کے مد نظر ہورہی ہے۔

بریلی (آئی اے این ایس) آل انڈیا مسلم جماعت کے قومی صدر مولانا مفتی شہاب الدین رضوی بریلوی نے چہارشنبہ کے دن دعوی کیا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کا مجوزہ دورہ رامپور اور جیل میں بند سینئر پارٹی قائد محمد اعظم خان سے ملاقات انتخابی ترجیحات کے مد نظر ہورہی ہے۔

سماج وادی پارٹی سربراہ اب رامپور جارہے ہیں جہاں وہ اعظم خان سے ملیں گے۔ اعظم خان370 دن سے جیل میں بند ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اکھلیش یادو میرے دبا ؤ میں ہے اور اس دبا ؤ نے انہیں رامپور جانے پرمجبور کردیاہے۔

مولانا نے الزام عائد کیا کہ اکھلیش یادو یوپی اسمبلی الیکشن سے قبل اعظم خاں سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم ووٹرس کا بھروسہ دوبارہ حاصل کرناچاہتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی قیادت نے اعظم خان کی وہ مدد نہیں کی جو کی جانی چاہئے تھی۔

اکھلیش یادو اعظم خان سے ملاقات کرتے ہوئے مسلم رائے دہندوں کا وہ اعتماد دوبارہ جیتنا چاہتے ہیں جو وہ کھوچکے ہیں۔مولانا نے کہاکہ میں نے مختلف پلیٹ فارمس پر اعظم خاں کا کیس کئی مرتبہ اٹھایا۔

میں نے پوچھا کہ اس مشکل گھڑی میں اکھلیش یادو کہاں ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے لیے بہت کچھ کرنے والے اعظم خان بڑی آزمائش میں ہیں۔