تلنگانہ کے تمام طبقات کے سی آر کے دھوکہ کو یادرکھیں:بنڈی سنجے
بنڈی سنجے نے کہا کہ چندرشیکھرراو نے کسانوں کو ان کی فصل کے نقصان ہونے پر معاوضہ نہیں دیا۔ گزشتہ الیکشن سے پہلے بھی اس نے 10 ہزار روپے فی ایکڑ دینے کا وعدہ کیا اور اسے دھوکہ دیا۔
حیدرآباد: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ بندی بنڈی سنجے کمار نے تمام طبقات بشمول کسانوں، بے روزگاروں، طلباء، ملازمین اور اساتذہ سے کہا کہ وہ سابق وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی جانب سے گذشتہ دس سال میں دیئے گئے دھوکہ کو یاد رکھیں۔
پارلیمانی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر بنڈی سنجے نے آج صبح 6 بجے کریم نگر کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں واکر س سے ملاقات کی اور انتخابی مہم چلائی۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وہ کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے مودی حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں اور خرچ کئے گئے فنڈز کی تفصیلات فراہم کرکے رائے دہندوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراو نے کسانوں کو ان کی فصل کے نقصان ہونے پر معاوضہ نہیں دیا۔ گزشتہ الیکشن سے پہلے بھی اس نے 10 ہزار روپے فی ایکڑ دینے کا وعدہ کیا اور اسے دھوکہ دیا۔
یہاں کے کسانوں کی حمایت کرنے کے بجائے وہ پنجاب گئے اور وہاں کے کسانوں کو معاوضہ دیا۔انہوں نے تلنگانہ کو اے ٹی ایم کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کے ہزاروں کروڑ روپے لوٹ لئے گئے۔