قومی

جامعہ ملیہ میں طلبہ کے مطالبات پر غور کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل

جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی انتظامیہ نے بھوک ہڑتال اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے مطالبات پر غور کرنے، ان سے بات چیت کرنے اور کیمپس میں امن و امان کے ساتھ معمولات بحال کرنے کے لیے سات رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

نئی دہلی (یو این آئی) جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی انتظامیہ نے بھوک ہڑتال اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے مطالبات پر غور کرنے، ان سے بات چیت کرنے اور کیمپس میں امن و امان کے ساتھ معمولات بحال کرنے کے لیے سات رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ شام یونیورسٹی کے سینئر عہدیداروں کی ایک میٹنگ ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف، رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، کنٹرولر امتحانات پروفیسر احتشام الحق، مختلف فیکلیوں کے ڈین، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، ڈین اکیڈمک افیئرز، چیف پراکٹر، تمام ہاسٹلوں کے پرووسٹ، چیف پبلک ریلیشنز آفیسر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

تفصیلی تبادلۂ خیال کے بعد یونیورسٹی نے سینئر ڈینز اور پروفیسروں پر مشتمل سات رکنی کمیٹی قائم کی، جو احتجاج کرنے والے طلبہ سے بات چیت کرے گی، ان کے مطالبات کا جائزہ لے گی اور کیمپس میں امن قائم کرنے اور معمولات کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر تعمیری بات چیت کے ذریعے اس معاملے کو حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے طلبہ اور دیگر متعلقہ فریقوں سے بھی اسی جذبے کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ یونین کے انتخابات 2006 میں اس وقت منسوخ کر دیے گئے تھے، جب بار بار پرتشدد جھڑپوں، اساتذہ پر حملوں اور وقتاً فوقتاً تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے کے واقعات سامنے آئے تھے۔

بیان کے مطابق، اس کے بعد کے برسوں میں کیمپس میں تشدد، جھڑپوں اور بار بار تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے کے واقعات کے پس منظر میں عدالتوں نے یونیورسٹی کو طلبہ یونین کے انتخابات کرانے سے متعلق کوئی ہدایت نہیں دی۔

حال ہی میں 2022 میں دہلی ہائی کورٹ نے جامعہ کے اسٹینڈنگ کونسل کے دلائل اور موقف کو قبول کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا تھا اور یونیورسٹی کو طلبہ یونین کے انتخابات کرانے کی کوئی ہدایت نہیں دی تھی۔

یہ فیصلہ 2006 اور اس کے بعد کیمپس میں پرتشدد جھڑپوں کی تاریخ کے تناظر میں کیا گیا تھا۔تاہم، انتظامیہ نے کہا کہ اکتوبر 2024 میں عہدہ سنبھالنے والی موجودہ انتظامیہ دو دہائیوں سے جاری تعطل کا خوشگوار حل تلاش کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔