تلنگانہ

تلنگانہ: رشتے کے لیے آئے دو بھائی لاری کی ٹکرسے ہلاک

حادثہ میں رام کرشن موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جب کہ سائی کمار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا، مگر وہ راستے میں ہی چل بسا۔ اسی حادثہ میں تُمّلا گوڑم گاؤں سے تعلق رکھنے والے شیوا کمار بھی شدید زخمی ہو گئے—ان کی بائیں ٹانگ مکمل طور پر ٹوٹ گئی اور جسم پر کئی دیگر زخم بھی آئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے بھونگیر ٹاؤن میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں شادی کے رشتے کے لیے آئے دو بھائی لاری کی ٹکرسے ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر تین افراد زخمی ہو گئے۔

متعلقہ خبریں
بھونگیر میں بی آر ایس دفتر پر حملہ
حیدرآباد: سڑک حادثہ میں انجینئرنگ طالب علم ہلاک
قاضی پیٹ درگاہ عرس تقاریب کا 17 اگست سے آغاز، ہنمکنڈہ کلکٹریٹ میں انتظامات کا جائزہ اجلاس
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں نزول قرآن کا مقصد اور نماز کی اہمیت و فضیلت کے موضوع پر جلسہ
مولانا ابوالکلام آزاد تقسیم ہند اور دو قومی نظریے کے سخت مخالف تھے


تفصیلات کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے کوہیر منڈل کے پوتی ریڈی پلی گاؤں سے تعلق رکھنے والے رام کرشن (عمر 35 سال) اور اس کا چھوٹا بھائی سائی کمار (عمر 22 سال) شادی کے سلسلہ میں اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ بھونگیر آئے تھے۔


یہ خاندان جگدیوپور چوراہے پر واقع ایک مٹھائی کی دکان سے مٹھائی خریدنے آیا تھا۔ مٹھائی لینے کے بعد جب وہ دکان سے باہر نکل کر سڑک کنارے چل رہے تھے، تب ہی حیدرآباد کی طرف تیز رفتاری سے آتی ایک لاری نے بے قابو ہو کر اُن کوٹکر دے دی۔


حادثہ میں رام کرشن موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جب کہ سائی کمار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا، مگر وہ راستے میں ہی چل بسا۔ اسی حادثہ میں تُمّلا گوڑم گاؤں سے تعلق رکھنے والے شیوا کمار بھی شدید زخمی ہو گئے—ان کی بائیں ٹانگ مکمل طور پر ٹوٹ گئی اور جسم پر کئی دیگر زخم بھی آئے۔


لاری کی ٹکر سے چوراہے پر کھڑی چائے کی دکان اور موٹرسائیکلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ حادثہ کے دوران لاری ڈرائیور راجیش اور کلینر کریم بھی زخمی ہوگیا۔


واقعہ کی اطلاع پر بھونگیر کے اے سی پی راہل ریڈی، راچکونڈا کرائم ڈی سی پی اروند، اور مقامی پولیس افسران نے موقع کا معائنہ کیا۔ حادثے کی وجہ سے چوراہے پر شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا، جسے ٹریفک پولیس کی مدد سے قابو میں لایا گیا۔


بھونگیر انسپکٹر رمیش نے بتایا کہ مہلوک افراد کے افراد خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثہ کی مکمل جانچ جاری ہے۔