قومی

اعظم خاں جتنے مظالم کسی سیاسی خاندان پر نہیں ڈھائے گئے: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو رام پور کی ضلعی جیل میں قید پارٹی کے سینئر قائد اعظم خاں سے ملاقات کی اور الزام لگایا کہ ملک کے کسی بھی سیاسی خاندان کو اتنی ناانصافی اور مظالم کا سامنا نہیں کرنا پڑا جتنا اعظم خاں کے خاندان نے سہا ہے۔

رام پور (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو رام پور کی ضلعی جیل میں قید پارٹی کے سینئر قائد اعظم خاں سے ملاقات کی اور الزام لگایا کہ ملک کے کسی بھی سیاسی خاندان کو اتنی ناانصافی اور مظالم کا سامنا نہیں کرنا پڑا جتنا اعظم خاں کے خاندان نے سہا ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں اعظم خاں کو تاریخ پیدائش کے فرق سے متعلق دوہرے اور جعلی پین کارڈ کے مقدمات میں رام پور کی ایک عدالت نے ان کے فرزند عبداللہ اعظم خاں کے ہمراہ مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اکھلیش یادو ہیلی کاپٹر کے ذریعے رام پور پہنچے، جہاں جوہر یونیورسٹی کے ہیلی پیڈ پر اعظم خاں کے اہل خانہ اور پارٹی کارکنوں نے ان کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد وہ اس بزرگ قائد سے ملاقات کے لیے ضلعی جیل روانہ ہوئے۔

ایک گھنٹے طویل اس ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یادو نے بی جے پی حکومت پر اعظم خاں کے خلاف سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔ یادو نے کہا کہ کسی سیاسی خاندان نے اتنی ناانصافی نہیں دیکھی جتنی اعظم خاں کے خاندان نے جھیلی ہے۔

رام پور اسمبلی نشست سے متعلق اعظم خاں کے ساتھ تبادلہ خیال پر اکھلیش یادو نے بتایا کہ انہوں نے اعظم خاں کے ساتھ تمام 403 نشستوں پر طویل گفتگو کی ہے اور انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کے حلیفوں سے ملنے والی تجاویز کی فہرست پر بھی غور کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ اعظم خاں نے کسی بھی اسمبلی نشست کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ انہوں نے مفید مشورے دیے ہیں جنہیں نوٹ کر لیا گیا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ایس پی رام پور اسمبلی حلقے سے کس کو امیدوار بنائے گی، تو یادو نے نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسے ابھی کیوں ظاہر کریں؟ رام راجیہ کے تصور کا حوالہ دیتے ہوئے یادو نے الزام لگایا کہ انصاف اور برابری کی اس بنیادی روح کو یہاں پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام راجیہ کا جو جذبہ کبھی رام پور جیسی جگہ پر قائم تھا اسے کچل دیا گیا ہے۔

اس جگہ کا نام ہی رام پور ہے اور آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ یہاں رام راجیہ کی روح کو کس طرح دبایا اور تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں اتنی سکت نہیں ہوتی کہ وہ سچائی کو قید رکھ سکیں۔ اس میں وقت لگ سکتا ہے، کچھ تاخیر ضرور ہو سکتی ہے لیکن سچ کو جھوٹے مقدمات کے ذریعے پابند سلاسل نہیں رکھا جا سکتا۔ یادو نے بی جے پی حکومت پر تعلیم کو نقصان پہنچانے اور اعظم خاں سے وابستہ ادارے محمد علی جوہر یونیورسٹی کو نشانہ بنانے کا بھی الزام عائد کیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اس یونیورسٹی کو تباہ کرنے کی سازش رچی گئی ہے جسے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے اور اعلیٰ تعلیم کے مرکز کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اعظم خاں نے یونیورسٹی، تعلیم اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے جو خواب دیکھا تھا، اسے سماج وادی پارٹی کے کارکن پورا کریں گے۔

بی جے پی پر تعلیم و تربیت کی قدر نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برسراقتدار جماعت کی پالیسیوں نے تعلیمی اداروں کو شدید زک پہنچائی ہے۔ یادو نے مزید الزام لگایا کہ اعظم خاں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے لیے بدعنوان عہدیداروں کو بطور ہتھیار استعمال کیا گیا اور اب کچھ عہدیدار ان اقدامات کے ذمہ دار افراد سے بتدریج فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔

سابق چیف منسٹر نے کہا کہ ہم پہلی بار رام پور نہیں آئے ہیں، سماج وادی پارٹی اور یہاں کے عوام کا تعلق سیاسی ہونے کے ساتھ ساتھ جذباتی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعظم خاں اور سماج وادی پارٹی سماجی انصاف پر مبنی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ یادو نے بی جے پی پر انتخابی دھاندلیوں کا بھی الزام عائد کیا اور 2022 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے کردار پر اپنی پارٹی کے سابقہ الزامات کا اعادہ کیا۔