دہلی

آیوروید ڈے دھوم دھام سے منایا گیا

آیوروید کے فروغ کے لئے ساتواں آیوروید ڈے آج ملک اور بیرون ملک میں دھوم دھام سے منایا گیا۔

نئی دہلی: آیوروید کے فروغ کے لئے ساتواں آیوروید ڈے آج ملک اور بیرون ملک میں دھوم دھام سے منایا گیا۔مرکزی تقریب کا اہتمام قومی راجدھانی میں کیا گیا جس میں قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا، آیوش کے وزیر سربانند سونووال، امور خارجہ اور ثقافت کی وزیر مملکت میناکشی لیکھی اور آیوش کے وزیر مملکت مہندر بھائی کالو بھائی منجوپارہ موجود تھے۔

اس تقریب میں آیوروید کے ماہرین، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور کئی معززین نے شرکت کی۔آیوروید کو عام لوگوں تک لے جانے کے لیے اس سال کا ساتواں آیوروید ڈے "ہر دن ہر گھر آیوروید” کے تھیم کے ساتھ منایا گیا۔ میلے میں پورے ملک سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

آیوش اداروں اور کونسلوں نے وزارتوں اور مشنوں اور سفارت خانوں کے تعاون سے 5000 سے زیادہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر مسٹر سونووال نے کہا کہ آیوروید بیماری سے بچاؤ کی سائنس ہے۔ یہ ایک قدیم علم ہے اور ریسرچ کونسل آیوش کے میدان میں کچھ متاثر کن تحقیقی کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر گھر آیوروید ابھیان کا مقصد آیوروید اور اس کی صلاحیتوں کو عوام تک پہنچانا ہے۔ آیوروید اب عالمی سطح پر جانا جاتا ہے۔مسٹر منڈا نے کہا کہ آیوروید ہندوستان کی قدیم روایت ہے۔ جنگل میں رہنے والوں کے تعاون سے آیوروید کی پرورش کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ”آیوروید واحد طبی سائنس ہے جو بیماری سے بچاؤ کی بات کرتی ہے، بیمار ہونے کے بعد علاج کی نہیں۔”ڈاکٹر منجپارہ نے کہا کہ آیوش کی وزارت نے ملک میں آیوش نظام صحت کو فروغ دیا ہے اور آیوروید کو اب 30 ممالک میں تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیوش کا موجودہ کاروبار 18.1 بلین ڈالر کا ہے۔محترمہ لیکھی نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے اسلاف کی سائنس کی تعریف کریں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیشہ آیوروید کی سائنس کو فروغ دیا اور یہ پچھلے کچھ سالوں میں اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔

اس موقع پر آیوروید کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش اور قبائلی امور کی وزارت کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔اس موقع پر ‘دی آیورویدک فارماکوپیا آف انڈیا’، ‘دی آیورویدک فارمولری آف انڈیا’ پر ایک کتاب کا اجراء کیا گیا۔ پانچ مختصر ویڈیو مقابلوں کے پہلے انعام یافتگان کو مرکزی وزیر آیوش اور دیگر معززین نے دواؤں کے پودوں کے صحت سے متعلق فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اعزاز سے نوازا۔