تلگودیشم پارٹی آج بھی تلنگانہ عوام کے دلوں میں زندہ: نائیڈو
چندرابابونائیڈ نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر شہری کے دل میں تلگودیشم پارٹی بستی ہے۔ درحقیقت این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم پارٹی کا سرزمین تلنگانہ پر ہی قیام عمل میں لایا تھا۔ پارٹی کے قیام کا مقصد تلگوعوام کی عزت نفس اور وقار کا تحفظ اور سربلندکرنا تھا۔
حیدرآباد: تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ، پارٹی تلنگانہ کے عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔
این ٹی آر بھون میں اتوار کے روز گھر گھر تلگودیشم پروگرام کا آغاز کرنے کے بعد پارٹی قائدین وکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار دہوں سے مسلسل عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کررہی جماعت تلگودیشم پارٹی ہی ہے۔
تلنگانہ کے ہر شہری کے دل میں تلگودیشم پارٹی بستی ہے۔ درحقیقت این ٹی راما راؤ نے تلگودیشم پارٹی کا سرزمین تلنگانہ پر ہی قیام عمل میں لایا تھا۔ پارٹی کے قیام کا مقصد تلگوعوام کی عزت نفس اور وقار کا تحفظ اور سربلندکرنا تھا۔
نائیڈو نے کہا کہ پارٹی کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ ہمیشہ نوجوانوں اور خواتین کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی۔ آج وقت آپ کا ہے کہ اس حقیقی عوامی جماعت کا احیاء کیا جائے۔ پارٹی کو دوبارہ فعال وکارکرد بنانے کی ذمہ داری قائدین وکارکنوں پر عائد ہوتی ہے۔
عوام کو پیغام دینا چاہئے کہ فلاح و بہبود کے معنی ومفہوم کو حقیقت فراہم کرنے والی تلگودیشم پارٹی ہی تھی۔ تلگودیشم پارٹی کی جانب سے شروع کردہ اقدامات اور پالیسیوں پر آج بھی عمل کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی کا مرکز بنانے والی جماعت تلگودیشم پارٹی ہی تھی۔
چندرا بابونائیڈو نے توقع ظاہر کی کہ کاسانی گیانیشور کی قیادت میں پارٹی کو استحکام حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لئے اثاثہ بنانا ہی تلگودیشم پارٹی کا مقصد رہا۔ اثاثہ جات بنانا، روزگار کے موقع فراہم کرنا، انسداد غربت کیلئے کام کرنے میں تلگودیشم پارٹی کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
بابو نے کہا کہ آج جو لوگ تلگودیشم پارٹی کے وجود پر سوال اٹھارہے ہیں۔ ان کیلئے کھمم میں منعقدہ جلسہ عام جو اب ہے۔وہاں آکر دیکھتے تو تلگودیشم نظر آتی۔ جہاں جہاں تلگو عوام ہے وہاں وہاں تلگو دیشم پارٹی ہے۔
جب تک تاریخ لکھی جاتی رہے گی اُس وقت تک تلگودیشم پارٹی کا وجود برقرار رہے گا۔ انہوں نے نوجوانوں کو پارٹی کا ساتھ دینے اور گھر گھر پہنچ کر پارٹی کے پیغام سے عوام کو واقف کرانے کا مشورہ دیا۔