پی ایف آئی پر پابندی: درگاہ اجمیر شریف کے دیوان کا خیر مقدم
کے دیوان نے کہا کہ حکومت کو ایسی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں پر پانچ سال پہلے پابندی لگادی جانی چاہیے تھی لیکن ان کی سرکاری خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے تحقیقات کے بعد پابندی کی کارروائی قابل تعریف ہے۔
اجمیر: راجستھان کے اجمیر میں واقع دنیا کے مشہور صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے درگاہ کے دیوان اور سجادہ نشین زین العابدین علی خان نے حکومت ہند کی وزارت داخلہ کی طرف سے پپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سمیت پانچ دیگر تنظیموں پرعائد پابندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
اجمیر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ درگاہ کے دیوان نے کہا کہ حکومت کو ایسی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں پر پانچ سال پہلے پابندی لگادی جانی چاہیے تھی لیکن ان کی سرکاری خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے تحقیقات کے بعد پابندی کی کارروائی قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایسا گروہ ہے جو ملکی مفاد کے خلاف منظم اور سرگرم ہے تو حکومت کو اس سے بھی سخت ایکشن لینا چاہیے تاکہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔
درگاہ کے دیوان نے کہا کہ ملک کے اتحاد، سالمیت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ ملک سے غداری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خاص طور پر ملک کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی جماعت کے بہکاوے میں نہ آئے۔