شمال مشرق
اروناچل پردیش میں بی جے پی پھر برسرِاقتدار
بی جے پی متواتر تیسری مرتبہ اروناچل پردیش میں برسرِ اقتدارآگئی۔ اتوار کے دن اس نے 60 رکنی اسمبلی میں 46نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی۔

ایٹانگر: بی جے پی متواتر تیسری مرتبہ اروناچل پردیش میں برسرِ اقتدارآگئی۔ اتوار کے دن اس نے 60 رکنی اسمبلی میں 46نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی۔
الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ 50اسمبلی حلقوں کیلئے جہاں لوک سبھا الیکشن کے ساتھ19اپریل کوووٹ ڈالے گئے‘رائے شماری ہوئی۔
مابقی 10نشستیں شمال مشرقی ریاست میں بھگواجماعت نے بلامقابلہ جیت لی تھیں۔ 50نشستوں میں بی جے پی کو 36 نشستیں ملیں اور چیف منسٹر پیماکھنڈو ان 10امیدواروں میں شامل ہیں جو بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
بھگواجماعت نے 2019ء میں 41 نشستیں جیتی تھیں۔ نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کو5نشستیں ملیں جبکہ پیپلزپارٹی آف اروناچل پردیش کو2 اور این سی پی کو3نشستیں حاصل ہوئیں۔ کانگریس نے ایک نشست جیتی اور تین حلقوں سے آزادامیدوارفاتح رہے۔