تلنگانہ

منگوڈمیں بی جے پی کاریں اور موٹر سائیکلس تقسیم کررہی ہے : ہریش راؤ

ہریش راؤ نے کہاکہ بی جے پی نہ صرف سیاسی قائدین کوخریدرہی ہے بلکہ کاریں تحفہ کے طورپر دیئے جارہے ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ بی جے پی کی وجہ سے منگوڈضمنی انتخابات عوام پرتھوپئے گئے ہیں اوراب طاقت کاغلط استعمال کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی کے لئے سازش رچی جارہی ہے۔

ہریش راؤ نے کہاکہ بی جے پی نہ صرف سیاسی قائدین کوخریدرہی ہے بلکہ کاریں تحفہ کے طورپر دیئے جارہے ہیں۔

ہریش راؤ نے کہاکہ انہیں موصولہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی کی جانب سے MARUTI BREZZA GRS 200 اور 2000 موٹرسائیکلس کی بکنگ کی گئی ہے۔

ٹی آرایس قائد نے کہاکہ ہم کاروں اورموٹرسائیکلس کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کے حوالہ کریں گے۔

ہمارے کارکن منگوڈ حلقہ پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اورہم کومعلوم ہے کہ کس ڈسٹریبیوٹر کے پاس کتنی کاریں اورموٹرسیکلیں بک کی گئی ہیں۔

سینئر ٹی آرایس قائد نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے جہازوں کی تقسیم کے بعد بھی منگوڈکے عوام ترقی کے حق میں ووٹ دیں گے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ بی جے پی آج موٹرس تقسیم کرئے گی اور کل میٹرس تنصیب کروائے گی۔انہوں نے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے بیان کویاددلایا کہ راجگوپال ریڈی نے کہاتھا کہ میٹرس کی تنصیب میں کیا برائی ہے۔

ہریش راؤ نے منگوڈکے عوام سے جاننا چاہاکہ کیا وہ اپنی موٹروں پر برقی میٹرس تنصیب کرنا چاہیں گے۔ ٹی آرایس قائد نے کہاکہ منگوڈانتخابات عزت نفس کاامتحان ہے۔

ٹی آرایس جوعوام کے تمام طبقات کے مسائل حل کرچکی ہے‘عوام کوکلیان لکشمی‘رعیتوبندھو‘رعیتو بیمہ جیسی اسکیمو ں سے فائدہ پہنچارہی ہے اور بی جے پی کی دولت کی طاقت کے درمیان معرکہ آرائی ہے اورانہیں مکمل یقین ہے کہ منگوڈ کے عوام بی جے پی کے دیوالیہ نکالنے والے نظریات کوشکست دیں گے۔