دہلی

بی جے پی‘ دہشت گردوں کی پارٹی: کھرگے

کھرگے‘ ہریانہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی جیت کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دانشوروں کو اربن نکسل کہنا بی جے پی کی عادت بن گئی ہے۔

کلبرگی: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ بی جے پی دہشت گردوں کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کے قائدین ہجومی تشدد‘ قبائلیوں کی عصمت ریزی اور درج فہرست ذاتوں پر پیشاب کرنے جیسے واقعات میں ملوث ہوتے ہیں۔

انہوں نے یہ ریمارکس ڈپٹی چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر پھڈنویس کے اس تبصرہ کے بارے میں پوچھنے پر کئے کہ کانگریس اربن نکسل گینگ کی تائید کرتی ہے۔ کھرگے نے کہا کہ بی جے پی چند دن سے خاموش تھی لیکن کچھ زندگی ملتے ہی وہ پھر اپنی پرانی ڈگر پر واپس آجاتی ہے۔

 کھرگے‘ ہریانہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی جیت کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دانشوروں کو اربن نکسل کہنا بی جے پی کی عادت بن گئی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی پر پلٹ وار کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ مودی کو کانگریس پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والوں کی عصمت ریزی کی جارہی ہے۔ ہریانہ اسمبلی الیکشن نتائج کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم محاسبہ کررہے ہیں۔

 ہم جانناچاہتے ہیں کہ وہاں کیا ہوا۔ سارا ملک دعویٰ کررہا تھا کہ ہریانہ میں کانگریس جیتے گی۔ بی جے پی قائدین نے تک کہا تھا کہ اقتدارمیں ان کی واپسی ہونے والی نہیں۔

اگزٹ پول میں ہریانہ میں کانگریس کی جیت دکھائی گئی تھی۔ جموں وکشمیر میں انڈیا بلاک نے الیکشن لڑا‘ ہریانہ میں ایسا کوئی اتحاد نہیں تھا۔ آپ جب جیت جاتے ہیں تو کئی لوگ اس کا کریڈٹ لیتے ہیں لیکن ہار کی صورت میں کئی لوگ آپ پر تنقید کرتے ہیں۔

بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر مظالم پر انہوں نے کہا کہ وہاں کی حکومت کو اقلیتوں کا تحفظ کرنا چاہئے۔ یہ اس کی ڈیوٹی ہے۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتی تو یہ ہمسایہ ممالک کے لئے ٹھیک نہیں ہوگا۔ گزشتہ ہفتہ وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ کانگریس پر اربن نکسلس کا کنٹرول ہوگیا ہے۔