امریکہ میں برفانی طوفان کی تباہی، 50 ہلاکتیں، نظام زندگی مفلوج
امریکہ میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
واشنگٹن: امریکہ میں برفانی طوفان کا سلسلہ نہ تھم سکا، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 50 تک جا پہنچی، اب تک ہزاروں پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔
امریکہ میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی، واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدید برفباری کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں اب تک 50 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 10 اموات صرف نیویارک میں رپورٹ ہوئیں ان شہریوں کی لاشیں کھلے مقامات سے ملی ہیں۔
طوفانی برف باری اور بارش سے کرڑوں افراد متاثر ہورہے ہیں، برفانی طوفان کے باعث امریکہ بھر میں 24 ہزار پروازیں منسوخ ہوگئیں، آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، شدید خراب موسم کے باعث سڑکیں اور تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے۔
بارش اور برفانی طوفان کے باعث دس لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ طور پر ایک اور برفانی طوفان مشرقی ساحلی علاقوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک گرگیا، درجہ حرارت یکم فروری تک نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔
ادھر کینیڈا میں بھی شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، ٹورنٹو اور اونٹاریو کے جنوبی علاقے برف سے ڈھک گئے، شدید برفباری کے باعث اسکول بند کردیے گئے۔
کینیڈا میں بھی خراب موسم کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں۔ حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔