شمالی بھارت

مدھیہ پردیش میں بدھ دور کے غار دریافت

اے ایس آئی کے دعویٰ کے مطابق تازہ کھوج کے دوران 26 مندر یا مندروں کی باقیات دریافت کی گئی ہیں جن کا تعلق 9 تا 11 ویں صدی عیسوی سے ہے جبکہ 26 غاروں کا تعلق دوسری صدی ماقبل مسیح تا 5 ویں صدی سے ہے۔

بھوپال: محکمہ آثار ِ قدیمہ(اے ایس آئی) نے قدیم غار دریافت کئے ہیں جن میں بدھ مذہب کے ڈھانچے‘ مندر‘ دیواروں پر متھرا اور کوشمبی جیسے شہروں کے نام کندہ کئے ہوئے ہیں اور مغلیہ دور کے سکے بھی دستیاب ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا کے بندھوا گڑھ فاریسٹ ریزرو میں کھوج کے دوران یہ اشیاء دستیاب ہوئی ہیں۔

 سپرنٹنڈنگ آرکیالوجسٹ برائے جبلپور سرکل شیوکانت باجپائی کی زیرقیادت اے ایس آئی کی ایک ٹیم نے 20 مئی تا 27 جون مندروں‘ 26 غاروں‘ 2 خانقاہوں اور 2 منت کے یادگاروں‘ 24 نقش‘ 46 مورتیاں اور 20 آبی ڈھانچے برآمد کئے ہیں۔ محکمہ آثار ِ قدیمہ نے جونپور سلطنت کے شرقی خاندان کے دور ِ حکومت کے سکے بھی دریافت کئے ہیں۔

 اے ایس آئی کے دعویٰ کے مطابق تازہ کھوج کے دوران 26 مندر یا مندروں کی باقیات دریافت کی گئی ہیں جن کا تعلق 9 تا 11 ویں صدی عیسوی سے ہے جبکہ 26 غاروں کا تعلق دوسری صدی ماقبل مسیح تا 5 ویں صدی سے ہے۔

جنگل کے درمیانی علاقہ میں تقریباً 170 مربع کیلو میٹر کے رقبہ پر کھوج کی گئی اور یہ علاقہ تقریباً ایک ماہ تک عوام کے لئے ناقابل رسائی تھا۔ اس کھوج کے نتیجہ میں اس علاقہ کے ہندو حکمرانوں سے قبل کے بدھ ڈھانچوں کا بھی پتہ چلا ہے۔