راجیہ سبھا میں منو سنگھوی کو الاٹ کی گئی سیٹ پر نوٹوں کے بنڈل ملے، تحقیقات جاری: چیئرمین
انہوں نے کہا کہ میں اراکین کو مطلع کر رہا ہوں کہ کل ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد ایوان کی معمول کی جانچ کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے سیٹ نمبر 222 سے کرنسی نوٹوں کا ایک بنڈل برآمد کیا تھا، یہ سیٹ اس وقت ریاست تلنگانہ سے منتخب ابھیشیک منو کے لئے مختص ہے۔
نئی دہلی: راجیہ سبھا سکریٹریٹ کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کی شام کو کارروائی ختم ہونے کے بعد معمول کی جانچ کے دوران کانگریس کے رکن ابھیشیک من سنگھوی کو ایوان میں مختص سیٹ نمبر 222 پر نوٹوں کا ایک بنڈل ملا اور اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے جمعہ کو ایوان کی میز پر ضروری دستاویزات رکھے جانے کے بعد ارکان کو یہ معلومات دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اراکین کو مطلع کر رہا ہوں کہ کل ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد ایوان کی معمول کی جانچ کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے سیٹ نمبر 222 سے کرنسی نوٹوں کا ایک بنڈل برآمد کیا تھا، یہ سیٹ اس وقت ریاست تلنگانہ سے منتخب ابھیشیک منو کے لئے مختص ہے۔ یہ معاملہ میرے نوٹس میں لایا گیا تھا اور میں نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کا فرض ہے کہ وہ ایوان کو یہ اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی بھی یہ نوٹ لینے نہیں آیا ہے۔ یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ نوٹ اصلی ہیں یا نقلی۔ پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے کہ یہ شاید 500 روپے کے نوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی تحقیقات کرانے میں کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان کا ریکارڈ چیک کرنے کے بعد پتہ چلا ہے کہ مسٹر سنگھوی نے جمعرات کو الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے اپنی موجودگی کے دستخط کئے ہیں۔اس پر حکمراں جماعت کے ارکان نے اسے سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اونچی آواز میں بولنا شروع کردیا۔ اپوزیشن ارکان بالخصوص کانگریس ارکان نے اس پر شدید احتجاج کیا۔
ایوان میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جب تک اس معاملے کی تحقیقات مکمل نہیں ہوتی اور سچائی کا پتہ نہیں چلتا، اس میں کسی کا نام نہیں لینا چاہئے۔اس پر صورتحال کو واضح کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے براہ راست ممبر کا نام نہیں لیا ہے اور کہا ہے کہ جس سیٹ پر نوٹ ملے ہیں وہ مسٹر سنگھوی کو الاٹ کی گئی ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں اتنے نوٹ کوئی نہیں لاتا اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جس ممبر کو یہ سیٹ الاٹ کی گئی ہے اس کا نام لینے میں کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
کھڑگے نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی جانچ پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن تحقیقات سے پہلے کسی کا نام نہیں لیا جانا چاہئے۔قائد ایوان جگت پرکاش نڈا نے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی اور سنگین واقعہ ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں حکمراں اور اپوزیشن کی بات نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ ایوان کے وقار پر چوٹ کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملے کو دبانے کی کوشش ناانصافی ہے اور اس کی تحقیقات کے بعد معلومات عام کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ایوان کو اس واقعہ کی مذمت کرنی چاہئے۔
مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل نے بھی کہا کہ یہ بہت سنگین معاملہ ہے اور اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایوان میں نوٹ ملے ہیں، مستقبل میں کوئی حساس چیز بھی مل سکتی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ کسی قسم کی سازش ہو سکتی ہے۔
اپوزیشن ارکان کی طرف سے بار بار زیرو آور شروع کرنے کے مطالبے پر مسٹرنڈا اور مسٹرگوئل نے کہا کہ عام طور پروقفہ صفر رکاوٹیں پیدا کرنے والے اپوزیشن کو آج وقفہ صفر کی بہت فکر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایوان میں اتفاق رائے ہونا چاہیے کہ چھوٹے اور غیر ضروری معاملات پر ایوان میں ہنگامہ آرائی نہیں ہوگی اور اپوزیشن وقفہ صفر اور وقفہ سوالات کو باقاعدگی سے چلنے دے گی۔