کرناٹک

ضلع ایس پی کو ’کانگریس قائدین کا کتا‘ کہنے پر رکن اسمبلی کے خلاف کیس

کرناٹک پولیس نے بی جے پی رکن اسمبلی بی پی ہریش کو ان کے جارحانہ ریمارک کے سلسلہ میں آج پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ضلع ایس پی اوماپرشانت کانگریس قائدین کے پالتو کتے کی طرح کام کرتے ہیں۔

داونگیری (کرناٹک) (آئی اے این ایس) کرناٹک پولیس نے بی جے پی رکن اسمبلی بی پی ہریش کو ان کے جارحانہ ریمارک کے سلسلہ میں آج پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ضلع ایس پی اوماپرشانت کانگریس قائدین کے پالتو کتے کی طرح کام کرتے ہیں۔

ذرائع نے اس بات کی توثیق کی کہ رکن اسمبلی بی پی ہریش کو جمعرات کو 11 بجے دن پولیس کے روبرو پیش ہونے کے لئے کہا گیا۔ جب وہ حاضر نہیں ہوئے تو پولیس نے انہیں ایک اور نوٹس دینے کی تیاری شروع کردی جس میں ان سے کہا جائے گا کہ وہ جمعہ یا ہفتہ کے روز تحقیقات میں شامل ہوں۔

زائداز 10 پولیس ملازمین کی ایک ٹیم نے داونگیری شہر میں وشویشوریا پارک کے قریب بی پی ہریش کی رہائش گاہ کا دورہ کیا تاہم رکن اسمبلی بنگلورو گئے ہوئے تھے۔ پولیس ان کے ارکان ِ خاندان سے پوچھ تاچھ کرنے کے بعد لوٹ آئی اور انہیں اطلاع دی کہ ہریش کو پوچھ تاچھ کے لئے پولیس کے روبرو حاضر ہونا ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ ہریش‘پولیس کے سامنے پیش ہونے سے پہلے اس کیس کے سلسلہ میں پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی دوران کئی خواتین تنظیموں نے ہریش کے بیان کی مذمت کی اور احتجاج کرنے کی اپیل کی۔ یہ ریمارک سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا ہے۔

کرناٹک پولیس نے ہری ہرا کے بی جے پی رکن اسمبلی ہریش کے خلاف چہارشنبہ کے روز ایک ایف آئی آر درج کی جس میں کہا گیا تھا کہ ایس پی اوما پرشانت ضلع داونگیری میں کانگریس قائدین کے پامیرین کتے کی طرح پیش آتے ہیں۔