دہلی

برج بھوشن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل

پوکسو کے معاملہ میں پولیس نے ایک رپورٹ داخل کی اور شکایت گزار جو نابالغ لڑکی کے والد ہیں اور خود لڑکی کے بیانات پر مبنی کیس کو منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

نئی دہلی: دہلی پولیس نے آج جنسی ہراسانی اور پیچھا کرنے کے جرائم کے سلسلہ میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی اور یہ کہتے ہوئے کہ کوئی تائیدی ثبوت نہیں ہے‘ نابالغ ریسلر کی جانب سے ان کے خلاف داخل کی گئی شکایت کو منسوخ کرنے کی سفارش کی۔

متعلقہ خبریں
سدارامیا کو ’’کاہل‘‘ قرار دینے پر بی جے پی ایم پی کے خلاف ایف آئی آر درج
برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ پر جلد فیصلہ
دہلی پولیس کو کانگریس ورکرس کو ہراسانی سے روکا جائے:دیویندر یادو
آسام میں ٹیچر کے لڑکیوں کو فحش ویڈیودکھانے پر اسکول کو جلادیا گیا
دہلی پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس ہائیکورٹ سے رجوع

حکومت نے احتجاجی ریسلرس کو تیقن دیا تھا کہ اس کیس میں 15 جون تک چارج شیٹ داخل کردی جائے گی جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج معطل کردیا تھا۔

 پوکسو کے معاملہ میں پولیس نے ایک رپورٹ داخل کی اور شکایت گزار جو نابالغ لڑکی کے والد ہیں اور خود لڑکی کے بیانات پر مبنی کیس کو منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

 دہلی پولیس کے پی آر او سمن نلوا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ پٹیالہ ہاؤز کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج راجندر سنگھ نے  منسوخی کی رپورٹ پر غور کرنے 4 جولائی کی تاریخ مقرر کی۔

جنسی جرائم سے بچوں کے تحفظ ایکٹ (پوکسو) کے تحت کم ازکم 3 سال کی سزا ہوتی ہے۔ خاتون ریسلرس کی شکایت سے متعلق دوسرے کیس میں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دیپک کمار نے 22 جون کو سماعت مقرر کی۔

خصوصی وکیل ِ استغاثہ اتل سریواستو نے عدالت کے باہر بتایا کہ یہ چارج شیٹ دفعات 354‘354A‘ 354D اور 506کے تحت دائر کی گئی۔ ذریعہ نے بتایا کہ ریسلرس جنہوں نے ڈبلیو ایف آئی سربراہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے‘ چارج شیٹ کے ادخال کے بعد اپنے آئندہ اقدام پر غور کررہے ہیں۔

ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی) کے معطل اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کے خلاف بھی تعزیرات ہند کی دفعات109‘354‘ 354A اور 506 کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔احتجاجی ریسلرس‘ سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے سنگھ پر خاتون ریسلرس بشمول نابالغ ریسلر کے جنسی استحصال کا الزام عائد کیا ہے۔ 7 جون کو وزیر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر نے اولمپک میڈل یا فتہ بجرنگ پونیا  اور ساکشی ملک سے ملاقات کی تھی اور تیقن دیا تھا کہ اس کیس میں 15جون تک چارج شیٹ داخل کردی جائے گی۔