تلنگانہ کے کئی مقامات پر سردی کی لہر برقرار
تمام33اضلاع میں عادل آباد سرد ضلع رہا جہاں مجموعی طور پر اقل ترین درجہ حرارت9.3 ڈگری سلسیس رہا، ضلع عادل آباد کا بیلہ گاؤں ریاست کا سرد مقام رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت7 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
حیدرآباد; تلنگانہ کے کئی مقامات پر سردی کی لہر برقرار ہے۔ جمعرات کے روز ریاست کے کم وبیش 6اضلاع میں اقل ترین درجہ حرارت واحد ہندسہ تک گرگیا ہے۔ ریاست میں اوسطاً اقل ترین درجہ حرارت 14.3 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.7 ڈگری سلسیس کم ہے۔
تمام33اضلاع میں عادل آباد سرد ضلع رہا جہاں مجموعی طور پر اقل ترین درجہ حرارت9.3 ڈگری سلسیس رہا، ضلع عادل آباد کا بیلہ گاؤں ریاست کا سرد مقام رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت7 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے ماہرین موسمیات نے یہ بات بتائی۔
ضلع کمرم بھیم آصف آباد میں سب سے کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری سلسیس سرپور (یو) میں درج کیا گیا جبکہ ضلع نرمل کے پمبی میں اقل ترین درجہ حرارت8.3ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔میدک، سنگاریڈی اور جگتیال اضلاع میں بھی اقل ترین درجہ حرارت واحد ہندسہ تک گرگیا۔
ضلع میدک کے شیوم پیٹ میں اقل ترین درجہ حرارت9.4 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ ضلع سنگاریڈی کے کوہیر اور ضلع جگتیال کے ملا پور گاؤں میں اقل ترین درجہ حرارت بالترتیب9.5 اور9.7 ڈگری سلسیس رہا۔
ضلع وقار آباد کے پووڈو ر میں درجہ حرارت10ڈگری سلسیس رہا۔8 اضلاع میں اقل ترین درجہ حرارت10 اور11ڈگری سلسیس کے درمیان رہا۔ ریاست کے صدر مقام حیدرآباد کے ماریڈ پلی میں کم سے کم درجہ حرارت12.7ڈگری سلسیس درج کیا گیا جبکہ شہر میں مجموعی طور پر اقل ترین درجہ حرارت17.3 ڈگری سلسیس رہا۔
محکمہ موسمیات نے اگلے تین دنوں تک تلنگانہ میں خشک موسم کی پیش قیاسی کی ہے۔ مرکز موسمیات کے مطابق نچلی سطح سے ہوائیں، شمال اور شمال مشرق کی سمت چلیں گی۔
تلنگانہ میں کہیں کہیں صبح کے اوقات میں کہر چھائے رہنے کا امکان ہے اور اقل ترین درجہ حرارت معمول سے2تا4ڈگری سلیس کم رہے گا۔مرکز موسمیات نے اپنے بلیٹن میں مزید بتایا کہ شمالی تلنگانہ کے کچھ حصوں میں اگلے 3دنوں تک سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
عادل آباد، کمرم بھیم آصف آباد، منچریال اور نرمل اضلاع میں 15 دسمبر تک کہیں کہیں سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان اضلاع میں ایلوالرٹ جاری کیا ہے۔یواین آئی کے مطابق تلنگانہ میں شدید سردی کی لہرجاری ہے۔کئی مقامات پر سردی کے ساتھ ساتھ صبح کے اوقات میں کہر بھی دیکھا جارہا ہے جس سے گاڑی سواروں کومشکل صورتحال کاسامنا ہے ا وروہ گاڑیوں کی ہیڈلائٹس کھول کر گاڑیاں چلانے پر مجبور ہیں۔
ضلع عادل آباد میں اقل ترین درجہ حرارت 7ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔بھیم پور منڈل کے ارلی (ٹی) گاؤں اور جینتھ منڈل مستقرمیں اقل ترین درجہ حرارت 7.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
بوتھ، بازارہتنور، عادل آباد اربن منڈلوں اور ضلع کے پہاڑی علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس رہا۔ اندرویلی منڈل میں اقل ترین درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس سے رہا۔ پیمبی منڈل میں درجہ حرارت 8.3ڈگری سیلسیس دیکھا گیا۔
آصف آباد ضلع کے سرپور (یو) منڈل میں اقل ترین درجہ حرارت 7.3 ڈگری، تریانی میں 8.6، کیرامیری میں 8.8، وانکیڈی میں 10.1، دھنوڑا (کیرامیری) میں 10.2 اور جینور میں 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ضلع کے ایجنسی علاقوں میں اقل ترین درجہ حرارت درج ہونے کی وجہ سے صبح آٹھ بجے تک گھروں سے باہر نکلنا ممکن نظرنہیں آرہاہے۔ سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ہونے پر ڈاکٹرس نے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔