کمرشل ایل پی جی سلنڈر مہنگا ہوا
ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی، انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق، اتوار سے دہلی میں 19 کلوگرام والا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 1,740.50 روپے کا ہو گیا ہے۔ یہ مئی 2025 کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔
نئی دہلی: تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مسلسل دوسرے مہینے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی، انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق، اتوار سے دہلی میں 19 کلوگرام والا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 1,740.50 روپے کا ہو گیا ہے۔ یہ مئی 2025 کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔
جنوری میں اس کی قیمت 111 روپے بڑھاکر 1,691.50 روپے کی گئی تھی۔ اس طرح رواں سال اب تک یہ سلنڈر مجموعی طور پر 159.50 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔
تجارتی گیس سلنڈر ہوٹلوں، ریستورانوں، ڈھابوں اور دیگر تمام غیر گھریلو مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ملک کے دیگر میٹرو شہروں میں بھی قیمتوں میں تقریباً اتنا ہی اضافہ کیا گیا ہے۔ کولکاتہ اور ممبئی میں اس کی قیمت میں 49.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اب کولکاتہ میں نئی قیمت 1,844.50 روپے اور ممبئی میں 1,692 روپے ہو گئی ہے۔ چنئی میں تجارتی ایل پی جی سلنڈر 50 روپے مہنگا ہو کر آج سے 1,899.50 روپے میں دستیاب ہوگا۔
وہیں، 14.2 کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 08 اپریل 2025 کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دہلی میں اس کی قیمت 853 روپے، کولکاتہ میں 879 روپے، ممبئی میں 852.50 روپے اور چنئی میں 868.50 روپے برقرار ہے۔
تیل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر ماہ کچن گیس کی قیمتوں کا جائزہ لیتی ہیں۔ بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی شرحِ تبادلہ کی بنیاد پر عموماً ہر مہینے کی پہلی تاریخ سے نئی قیمتیں طے کی جاتی ہیں۔