تلنگانہ کے بھارت فیوچر سٹی کو دنیا کے دیگرشہروں کیلئے رول ماڈل بنانے کا عزم:سریدھربابو
اتوار کو رنگا ریڈی ضلع کے کندکور منڈل میں میر خان پیٹ میں فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی عمارت کی سنگِ بنیاد اور گرین فیلڈ ریڈیئل روڈ-1 کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیر سریدھر بابو نے خطاب کیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھربابونے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا عزم ہے کہ ”بھارت فیوچر سٹی” کو اس انداز میں ترقی دی جائے کہ یہ دنیا کے دیگر شہروں کے لئے یہ رول ماڈل بنے اور بڑی بڑی کمپنیاں تلنگانہ کی طرف متوجہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک جب بھی منصوبہ بند شہر کا ذکر آتا ہے تو سب کو چندی گڑھ یاد آتا ہے، لیکن آنے والے دنوں میں منصوبہ بند شہر کا مطلب ”بھارت فیوچر سٹی” ہوگا۔
اتوار کو رنگا ریڈی ضلع کے کندکور منڈل میں میر خان پیٹ میں فیوچر سٹی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی عمارت کی سنگِ بنیاد اور گرین فیلڈ ریڈیئل روڈ-1 کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیر سریدھر بابو نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا جہاں صنعتیں، اسپتال، اسکول اور شاپنگ مالس سب ایک ہی جگہ پر ہوں گے۔ یہ بنیاد جو ہم آج ڈال رہے ہیں، آنے والی نسلوں کے لئے ہمارے بچوں کے سنہرے مستقبل کے لئے ہے، اور یہ ایک نئے دور کی نئی راہیں کھولے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک ”نیٹ زیرو کاربن سٹی” ہوگا۔ یہاں سرسبزی وشادابی ہوگی،آلودگی نہیں ہوگی، صنعتیں آئیں گی لیکن ماحول کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ”بھارت فیوچر سٹی” کی تعمیر میں تمام کو شریک ہوکر ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آنے والی نسلوں اور تلنگانہ کی خوشحالی کے لئے نیک نیتی سے مسلسل محنت کرنے والی اس عوامی حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہمیں آشیرواد سے نوازیں۔