اے آئی جنریٹیڈ ویڈیو پر کارروائی، پٹنہ ہائی کورٹ کا سخت فیصلہ
پٹنہ ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے دن کانگریس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے سوشل میڈیا ہینڈلس سے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی آنجہانی ماں کا اے آئی جنریٹیڈ ویڈیو ہٹادے۔
پٹنہ (پی ٹی آئی) پٹنہ ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے دن کانگریس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے سوشل میڈیا ہینڈلس سے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی آنجہانی ماں کا اے آئی جنریٹیڈ ویڈیو ہٹادے۔
کارگزار چیف جسٹس پی بی بجنتری نے وکیل ویویکانند سنگھ اور دیگر کی داخل کردہ درخواست پر یہ حکم سنایا۔ ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل کے این سنگھ نے جو مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے‘ پی ٹی آئی کو بتایا کہ عدالت نے واضح کردیا کہ یہ ویڈیو اگلی تاریخ سماعت تک ایکس ہینڈل سے باہر رہنا چاہئے۔
درخواست میں کانگریس قائد راہول گاندھی‘ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سدھارتھ پرساد نے بتایا کہ عدالت نے فیس بک‘ ٹویٹر اور گوگل کو بھی نوٹس جاری کی اور ان سے اگلی تاریخ سماعت تک جواب داخل کرنے کو کہا۔
وزیراعظم کو نشانہ بنانے بہار کانگریس نے گزشتہ ہفتہ اپنے ایکس ہینڈل پر ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس پر ہندی میں لکھا تھا ”صاحب کے سپنوں میں آئی ماں‘ دیکھئے روچک سمواد“۔
ویڈیو میں مودی کی ماں کو ان کی سیاست پر تنقید کرتے سنا جاسکتا ہے۔ بی جے پی اور حلیف جماعتوں نے کانگریس کو نشانہ ئ تنقید بنایا تھا اور ملک بھر میں ویڈیو کے خلاف احتجاج ہوا تھا۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم یا ان کی ماں کا کوئی اپمان نہیں کیا گیا۔