کانگریس لیڈر پون کھیڑا کو دہلی پولیس نے طیارہ سے اُتاردیا
پارٹی نے اپنے آفیشل ٹویٹر پر اس کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا، "آج انڈیگو کی فلائٹ 6 ای-204 سے کانگریس کے سینئر لیڈر دہلی سے رائے پور جا رہے تھے۔ سبھی فلائٹ میں سوار ہو چکے تھے، اسی وقت ہمارے لیڈر پون کھیڑا کو فلائٹ سے اترنے کو کہا گیا۔ یہ آمریت ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کنونشن میں شرکت کے لیے رائے پور جارہے پارٹی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا کو دہلی پولیس نے جمعرات کو یہاں اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر جہاز میں نہیں بیٹھنے دیا اورانہیں مبینہ طور پر حراست میں لے لیا۔
کانگریس کنونشن کے لئے اسی طیارے میں رائے پور جارہے پارٹی لیڈروں کو جیسے ہی اس کی خبر ملی، وہ سبھی طیارے سے باہر آگئے اور اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے۔
پارٹی نے اپنے آفیشل ٹویٹر پر اس کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کہا، "آج انڈیگو کی فلائٹ 6 ای-204 سے کانگریس کے سینئر لیڈر دہلی سے رائے پور جا رہے تھے۔ سبھی فلائٹ میں سوار ہو چکے تھے، اسی وقت ہمارے لیڈر پون کھیڑا کو فلائٹ سے اترنے کو کہا گیا۔ یہ آمریت ہے۔
ڈکٹیٹر نے کنونشن سے پہلے ای ڈی کے چھاپے کروائے اور اب اس طرح کی حرکت پر اترآیا۔ پہلے چھتیس گڑھ میں لیڈروں کو یہاں ای ڈی کوبھیجا، اب کانگریس کنونشن میں شرکت کے لئے جانے والے ہمارے لیڈر کو روکا گیا۔ اس آمریت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا… ہم لڑیں گے اور جیتیں گے۔
اس دوران کانگریس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ جے رام رمیش نے بھی ٹویٹ کیا، "پہلے ای ڈی نے رائے پور میں چھاپہ مارا، اب پون کھیڑا کو دہلی پولیس کے ذریعہ رائے پورکے جہاز سے اتارا گیا۔ تاناشاہی کا دوسرا نام امت شاہی ہے۔ مودی حکومت ہمارے قومی کنونشن میں خلل ڈالنا چاہتی ہے۔ ہم ڈرنے والے نہیں، ہم وطنوں کے لیے لڑتے رہیں گے۔